پالی کیلے میں سری لنکن ٹیم 117 رنز پر ڈھیر

26 جولائ 2016
آسٹریلیا کی جانب جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کی جانب جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی

پالی کیلے:آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے افتتاحی روز سری لنکا کو 117 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دو وکٹ پر 66 رنز بنا لئے۔

پالی کیلے میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس میزبان ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دیمتھ کرونارتنے اور کوشال سلوا نے اننگز کا آغاز کیا اور صرف 6 رنز کی شراکت بنا سکے جبکہ ابتدائی 3 وکٹیں 18 رنز پر گر چکی تھیں۔

کپتان میتھیوز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 43 رنز تک پہنچایا تاہم انھیں اوکیفی نے نشانہ بنایا جس کے بعد چندی مل اور ڈی سلوا نے سری لنکن اننگز کو 67 رنز تک پہنچایا لیکن چندی مل 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈی سلوا سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے جنھوں نے 24 رنز بنائے جبکہ کوسل پریرا 20 رنز بنا سکے، 87 رنز پر ڈی سلوا کے آؤٹ ہوتے ہی مہمان ٹیم مزید 30 رنز کا اضافہ کر کے 117 پر ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک اور اسٹیو اوکیفی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کو چھوٹے مجموعے پر سمیٹنے کے بعد آسٹریلیا کا آغاز بھی بدترین تھا اور دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور جو برنس 7 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے بارش کے باعث کھیل کے قبل از اختتام تک مجموعے کو 66 رنز تک پہنچایا۔

پالی کیلے میں بارش کے باعث پہلے روز کا کھیل مکمل نہ ہوسکا اور چائے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکی۔

عثمان خواجہ 25 اور اسمتھ 28 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ سری لنکا کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 51 رنز درکار تھے۔

واضح رہے سری لنکا کو گزشہ ماہ انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں تین میچوں کی سیریز کو انگلینڈ نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں