انڈین ایشین چمپیئن ایتھلیٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت

26 جولائ 2016
نادرجیت سنگھ نے ناکام ڈوپ ٹیسٹ کو ان کے خلاف سازش قرار دیا—فوٹو: اے پی
نادرجیت سنگھ نے ناکام ڈوپ ٹیسٹ کو ان کے خلاف سازش قرار دیا—فوٹو: اے پی

نئی دہلی: ہندوستان کے ایک اور ایھتلیٹ اندرجیت سنگھ ریواولمپک کے آغاز سے قبل ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے۔

اندرجیت سنگھ نے گزشتہ سال ایشین ایتھلیٹک چمپیئن شپ میں گولہ پھینکنے (شاٹ پٹ) مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

ایشین چمپین نے اپنے بیان میں کہا کہ 'مجھے نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ میرے خلاف واضح سازش ہے، میرے ٹیسٹ کے لیے حاصل کئے گئے نمونے کے ساتھ گڑ بڑ کی گئی ہے'۔

28 سالہ ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ 'میں وہ چیز کیوں کھاؤں جو صحت کے لیے اچھی نہیں ہے، مجھے اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ میں صاف گو ہوں'۔

ہندوستان کے کھیلوں کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ اندرجیت سنگھ کا ڈوپ ٹیسٹ 22 جون کو نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کیا تھا جس میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی تصدیق ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ' نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اندرجیت کو نتیجے سے آگاہ کیا ہے، اگر وہ بی ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں تو سات دن کے اندر کیا جائے گا'۔

ہندوستانی ریسلر ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام
ریسلر نرسنگھ یادیو نے دولت مشترکہ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا—فوٹو: اے پی
ریسلر نرسنگھ یادیو نے دولت مشترکہ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا—فوٹو: اے پی

واضح رہے دولت مشترکہ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے ریسلر نرسنگھ یادیو بھی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے جس کے بعد یادیو کا موقف بھی اندرجیت سنگھ سے مماثل تھا۔

ہندوستان اگلے ماہ کی 5 تاریخ سے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں شروع ہونے والے اولمپک مقابلوں کے لیے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا دستہ بھیج رہا ہے جہاں 100 سے زائد ایتھلیٹ میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان ریو اولمپک کے لیے ہندوستانی دستے کے خیرسگالی سفیر ہیں۔

ہندوستان اس سے قبل ممنوعہ ادویات کے استعمال میں عالمی طورپر تیسرے نمبر پر تھا جس کو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے ترتیب دیا، اٹلی اور روس اس میں سرفہرست تھے۔

مزید پڑھیں: لندن اولمپک: 21 ایتھلیٹس کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ

2011 میں ہندوستان کی 6 اہم خواتین رنرز کے ٹیسٹ میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کئی ایتھلیٹس کو اولمپک سے باہر کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں