’جانان‘ کا ٹائٹل سانگ ریلیز

27 جولائ 2016
فلم ’جانان‘ کا پوسٹر —۔
فلم ’جانان‘ کا پوسٹر —۔

پاکستانی فلم ’جانان‘ کا ٹائٹل سانگ ریلیز کردیا گیا، جسے ہندوستانی گلوکار ارمان ملک نے گایا ہے۔

ٹائٹل سانگ کو ’جانان‘ کے آفیشل فیس بک پیچ پر ریلیز کیا گیا جسے شائقین میں بےحد پسند کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا گانا ہے جو ہندوستانی گلوکار ارمان ملک نے کسی پاکستانی فلم کے لیے گایا ہے، گانے کو ایک تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارمان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور ہندوستان میں بہت کچھ مشترک ہے، جب مجھے اس گانے کی آفر ملی تھی تو میں نہیں جانتا تھا کہ یہ پاکستانی گانا ہے، لیکن جب مجھے معلوم ہوا تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا کہ یہ میرا پہلا پاکستانی گانا ہے‘۔

اس تقریب میں فلم کے اداکار بلال اشرف بھی موجود تھے۔

بلال کے مطابق وہ فلم ’جانان‘ سے قبل دو فلموں کی شوٹنگ میں مصروف تھے تاہم انہیں خوشی ہے کہ سب سے پہلی ان کی یہ فلم ریلیز کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: ریحام خان کی فلم 'جانان کا ٹریلر ریلیز

واضح رہے کہ رومانوی فلم 'جانان' کی کہانی ایک پختون لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو برطانیہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے واپس وطن آتی ہے۔

فلم میں ارمینہ رانا خان، بلال اشرف، مشی خان، عجب گل، نئیر اعجاز اور علی رحمان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، جبکہ اس کا اسکرپٹ عثمان خالد بٹ نے لکھا ہے۔

ریحام خان، حریم فاروق، منیر حسین اور عمران کاظمی کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں۔

فلم ’جانان‘ رواں سال عید الضحیٰ پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں