کیریبین لیگ: عمر اکمل کی شاندار کارکردگی

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2016
عمراکمل نے 3 چوکے اور 7 چھکے لگائے—فوٹو: سی پی ایل فیس بک
عمراکمل نے 3 چوکے اور 7 چھکے لگائے—فوٹو: سی پی ایل فیس بک

سینٹ لوشیا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمراکمل نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت کیریبین پریمیئرلیگ کے اہم میچ میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو سینٹ لوشیا زوکس کے خلاف فتح دلادی۔

سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹرینباگو نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان ڈیرن سیمی کے 37 اور شین واٹسن کے 32 رنز کی بدولت سینٹ لوشیا کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔

سیمی کی ٹیم نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا جب اوپنر چارلس اور فلیچر نے ابتدائی 7 اوورز میں 60 رنز بنائےتاہم دونوں اوپنرز 65 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد رنز بنانے کی رفتار میں کمی آئی۔

ڈیرن سیمی نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 18 گیندوں پر 37 رنز بنا کر مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دے دیا۔

ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن مک کولم، کولن منرو، ڈوون براوو اور عمر اکمل جیسے بین الاقوامی کھلاڑی شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں اسٹارز سے سجی ٹیم کو مک کولم کی صورت میں 4 رنز پر ہی نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی ابتدائی 4 بلے باز صرف 41 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان براوو بھی 4 رنز کا اضافہ کرپائے۔

عمراکمل مشکل وقت میں بیٹنگ کے لیے آئے جب میچ ٹرینباگو کے ہاتھ سے تقریباً نکل چکا تھا لیکن انھوں نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شاٹس کھیل کر اپنی ٹیم کو جتوادیا۔

عمراکمل نے ناقابل شکست 73 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور 7 چکھے لگائے اور مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرکے ٹرینباگو کو قیمتی 8 پوائنٹس حاصل کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور لوشیا کے ساتھ تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا۔

واضح رہے عمر اکمل سی پی ایل کے رواں سیزن میں اس سے قبل کھیلے گئے میچوں میں بری طرح ناکام ہوئے تھے تاہم ایک ذمہ دارانہ اننگز کے ساتھ نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ اپنی کھوئی ہوئی فارم بھی حاصل کرلی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Qalam Jul 27, 2016 08:07pm
عمر اکمل موسمی پرندہ ھے کبھی ھے کبھی نہی۔ کارکردگی میں تسلسل ضروری جے تاکہ پاکستانی ٹیم میں پکی جگہ حاصل کر سکے۔