پاکستان کے سابق باؤلر شعیب اختر ہندوستان کے کامیڈی شو میں جج تو بن گئے لیکن انہوں نے پروڈیوسر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شو کے دوران کسی قسم کا ڈانس یا گانا نہیں گائیں گے۔

واضح رہے کہ شعیب اختر ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ کے ساتھ کامیڈی شو ’مذاق مذاق میں‘ جج کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: شعیب اختر انڈین کامیڈی شو کے جج؟

ہندوستانی ویب سائٹ دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق شعیب اختر نے شو کے پروڈیوسرز سے مطالبہ کیا ہے کہ گانے اور ڈانس نہ کرنے کی شق کو ان کے معاہدے میں شامل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ’شعیب اختر کرکٹ کے میدان میں تو کافی بہادر نظر آتے ہوں گے لیکن اسٹیج پر ڈانس کرنے کا خیال ہی انہیں خوفزادہ کردیتا ہے، کیوں کہ یہ ایک ریئلٹی شو ہے تو شعیب کو ایسا لگا کہ پروڈیوسرز ان سے شو میں گلوکاری اور ڈانس کرنے کا مطالبہ کرسکتے ہیں تاکہ شائقین انٹرٹین ہوسکیں، اس لیے انہوں نے اس سے انکار کردیا اور کانٹریکٹ میں شامل کرنے کو بھی کہا ہے‘۔

اس کامیڈی شو کا نام پہلے ’انڈین مذاق لیگ‘ رکھا گیا تھا تاہم بعد میں اسے تبدیل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’اب مجھے مذاق کرنے کے پیسے ملیں گے‘

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران شعیب اختر کا شو سے متعلق کہنا تھا کہ ’’اب مجھے مذاق کرنے کے پیسے ملیں گے، مجھے نہیں لگتا کہ اس سے بہتر کوئی اور نوکری ہوگی‘۔

شعیب اختر کا حریف کھلاڑی ہربھجن کے ہمراہ شو کے جج بننے کے حوالے سے کہنا تھا کہ اب وہ دونوں ایک ہی ٹیم میں ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنے کام کے ساتھ انصاف کرسکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں