بین اسٹوکس انجری کی وجہ سے دلبرداشتہ

28 جولائ 2016
بین اسٹوکس رواں سال مئی میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے—فوٹو: اے ایف پی
بین اسٹوکس رواں سال مئی میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے—فوٹو: اے ایف پی

لندن: انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ وہ زخمی ہوکر پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے پر دلبرداشتہ ہیں۔

25 سالہ بین اسٹوکس اولڈ ٹریفورڈ میں سیریز کے دوسرے میچ کے دوران پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم انگلینڈ نے اس میچ میں 330 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بین اسٹوکس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ 'مکمل سیریز میں واپسی کے لیے میری اور دوسروں کی بھرپور محنت کے بعد زخمی ہونا میرے لیے تباہ کن ہے'۔

اسٹوکس رواں سال مئی کے اواخر میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے تھے اور رواں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں واپس آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بحالی کے اگلے چند ہفتوں کے بعد انگلینڈ کرکٹ کے ساتھ بہترین سیزن کے خاتمے کے لیے پرامید ہوں'۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ (ای سی بی) نے کہا تھا کہ اگلے ہفتے اسٹوکس کی انجری کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان نے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر برتری حاصل کی تھی تاہم دوسرے ٹیسٹ میں جو روٹ اور کپتان الیسٹر کک کی شاندار بلے بازی کی بدولت میزبان ٹیم نے پاکستان کو بڑی شکست سے دوچار کیا۔

انگلینڈ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

سیریز کا اگلا میچ 3 اگست کو کھیلا جائے گا جس کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں