کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار میں مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس میں صرف 40 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق کاروبار میں مندی کے باوجود 100 انڈیکس 39408 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، کاروباری حجم 14 کروڑ شیئرز رہا اور سب سے زیادہ کام سوئی نادرن گیس کمپنی کے شیئرز میں ہوا۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو آٹو مٹیڈ ٹریڈنگ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے صرف ایک سیشن میں کاروبار ہوا، پہلا ٹریڈنگ سیشن نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے بروقت اعلان نہ ہونے کے باعث وہ تین گھنٹے تک سسٹم ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے رہے جس کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دوسرے ٹریڈنگ سیشن میں ٹریڈنگ کا دورانیہ آدھے گھنٹے بڑھایا گیا، مگر اس کے باوجود کاروباری حجم محدود رہا۔

روپے کی قدر میں کمی

انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا رجحان رہا۔

ڈالر کی قیمت 10 پیسے اضافے سے 105 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے اضافے سے 106 روپے 10 پیسے ہوگئی۔

سونے کی قیمتوں میں کمی

ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا، سونے کی فی تولہ قیمت 100 روپے کمی سے 52 ہزار 2 سو روپے ہوگئی جبکہ سونے کی 10 گرام قیمت 50 روپے کمی سے 44 ہزار 7 سو 42 روپے ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں