سری لنکا کی آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست

30 جولائ 2016
سری لنکا نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی
سری لنکا نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی

پالی کیلے: سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی شاندار باؤلنگ اور کوسل مینڈس کی فاتحانہ اننگز کی بدولت ٹیسٹ کرکٹ کی سرفہرست ٹیم آسٹریلیا کو بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ میں 106 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پالی کیلے میں کھیلے گئے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے کھیل کا آغاز کیا تو انھیں جیت کے لیے 185 رنز درکار تھے جبکہ ان کی 7 وکٹیں باقی تھیں۔

آسٹریلیا کےکپتان اسٹیواسمتھ نے ہیراتھ سمیت سری لنکن باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن دیگربلے باز روایتی انداز میں کھیل نہیں پائے اور پے درپے آؤٹ ہوتے رہے۔

اسمتھ 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور 140 رنز تھا اور 6 وکٹیں گرچکی تھیں جس کے بعد پیٹرنیول اور او کیفی نے 178 گیندوں کی شراکت قائم کرکے سری لنکن باؤلرز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی لیکن ان کی کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم 268 رنز کے تعاقب میں 161 کے مجموعے پر پویلین سدھارگئی،اسمتھ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جو برنس 29اور مچل مارش 25 رنز بنا سکے۔

میزبان ٹیم نے میچ 106 رنز سے اپنے نام کردیا یہ ان کی آسٹریلیا کے خلاف 25 میچوں کے بعد پہلی کامیابی ہے۔

سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ نے میچ میں مجموعی طورپر9 وکٹیں حاصل جبکہ نوجوان بلے باز مینڈس نے 176 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

ہیراتھ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سینڈیکن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد آسٹریلیا نے برتری حاصل کرتے ہوئے 203 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں مینڈس کی 176 رنز کی اننگز کی بدولت 353 رنز بنائے یوں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز کے خسارے کو ختم کرتے ہوئے 268 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

مینڈس کو فاتحانہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ گال میں 4 اگست کو شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں