گوہاٹی: ہندوستان کی دور دراز جنوب مشرقی ریاست منی پور کی جیل میں قیدیوں کی آپسی لڑائی کے نتیجے میں 2 سعودی سمیت 3 قیدی ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے پولیس ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قیدیوں کی لڑائی کا واقعہ منی پور کے دارالحکومت امپھال کی سینٹرل جیل میں صبح سویرے پیش آیا۔

منی پور پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ڈونگل کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دو سعودی قیدیوں نے ساتھی قیدی پر حملہ کرکے اسے ہلاک کیا، واقعے کا سن کر دیگر قیدیوں نے جوابی حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں سعودی قیدی ہلاک ہوگئے۔

سعودی شہری سُشاک یوسف احمد اور عبد السلام کو 2013 میں درست سفری دستاویزات کے بغیر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

لڑائی جھگڑے کے دوران ہلاک ہونے والے تیسرے قیدی کی شناخت تھانگ مِلن زوؤ کے نام سے ہوئی، جو منی پور کے ضلع چھوراچندرپور کا قبائلی تھا۔

پی ڈونگل نے کہا کہ فوری طور پر لڑائی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، تینوں قیدیوں کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ہے، ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ قیدیوں نے ایک دوسرے پر حملے کے دوران کہیں کوئی ہتھیار تو استعمال نہیں کیا۔

قیدیوں کے درمیان لڑائی ختم کرانے کی کوشش کے دوران جیل کے دو محافظ اور ایک آفیسر زخمی بھی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے جیل میں اپنی شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے ہندوستانی وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں