مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پہلی ترجیح تحریک آزادی کشمیرہے، عوام کو ہر شعبے میں میرٹ پر یکساں مواقع فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں گورننس کو ٹھیک کریں گے، آزاد کشمیر کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے اور تحریک آزادی کشمیرمیں آزاد کشمیر حکومت کے کردار کو اجاگر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ نے میدان مار لیا

قائد ایوان کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چوہدری محمد یاسین جبکہ غلام محی الدین دیوان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کے) اور مسلم کانفرنس کے مشترکہ امیدوار کے طور پر میدان میں تھے۔

اسپیکر شاہ غلام قادر کی صدارت میں آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ہوانے والی رائے شماری میں راجہ فاروق حیدر نے 48 ووٹوں میں سے 38 ووٹ حاصل کیے اور آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے41 میں سے31 نشستوں پر میدان مارا تھا۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد راجہ فاروق حیدر نے کہا تھا کہ وہ اپنی پارٹی ن لیگ کی جانب سے بھرپور سپورٹ پر بہت خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ، 'ہمیں توقعات سے بڑھ کر لوگوں کی حمایت ملی، جس کے لیے میں کشمیری عوام کا شکر گزار ہوں، اب ہمارا امتحان شروع ہوگیا ہے اور اگر ہم لوگوں کی امیدوں پر پورا نہیں اترے تو ان کا اعتماد وہ ہم پر سے اٹھ جائے گا۔'


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں