'ہوجاؤں آزاد'، ذوئی ویکاجی کا نیا گانا ریلیز

11 اگست 2016
فوٹو بشکریہ/ذوئی ویکاجی انسٹا گرام
فوٹو بشکریہ/ذوئی ویکاجی انسٹا گرام

پاکستانی گلوکارہ ذوئی ویکاجی کا نیا گانا ’ہو جاؤں آزاد‘ ریلیز کردیا گیا ہے جس کی ویڈیو دیکھ کر آپ کا دل بھی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سفر کے لیے مچلنے لگے گا۔

بہترین مناظر، خوبصورت آواز اور دلکش میوزک کے ساتھ بنائی گئی یہ ویڈیو یقیناً اب تک بہت سے لوگوں کی پلے لسٹ کا حصہ بن چکی ہوگی۔

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں بنائی گئی یہ میوزک ویڈیو کسی رولر کوسٹر رائڈ سے کم نہیں لگ رہی۔

4 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں ذوئی پاکستان کے خوبصورت علاقوں میں گھومتی نظر آئیں تاہم اس ویڈیو میں ہر منظر کو کافی جلدی آگے بڑھادیا گیا جس کی وجہ سے خوبصورت مناظر کو پوری طرح دیکھنا کافی مشکل تھا۔

اس ویڈیو کا آغاز کراچی کینٹ اسٹیشن سے ہوا جہاں ذوئی اپنی ٹرین کا انتظار کررہی ہوتی ہیں، کراچی سے اپنے سفر کا آغاز کرنے کے بعد ذوئی پاکستان کے شمالی علاقوں میں گھومتی اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ وقت گزارتی نظر آئیں۔

کون کہتا ہے کہ کسی ٹرپ پر جانے کے لیے آپ کو دوستوں کی ضرورت ہے؟ ذوئی نے اکیلے ہی پاکستان کے خوبصورت علاقوں میں گھوم کر کافی لطف اٹھایا جو ان کی میوزک ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی گلوکارہ ذوئی ویکاجی نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2010 میں کوک اسٹوڈیو میں بحیثیت معاون گلوکارہ کیا تھا جس کے کچھ عرصے بعد ہی وہ مرکزی گلوکارہ بن گئیں۔

ان کے پہلے البم ’دریچے‘ کو بھی کافی پسند کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں