آج کل ہر کوئی انٹرنیٹ پر اپنے پش اپس کی ویڈیوز اَپ لوڈ کر رہا ہے، بلکہ یوں کہا جائے کہ انٹرنیٹ پر 'پش اپس' کا جنون سوار ہوگیا ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

پاکستان میں 'پش اپ' کریز کا آغاز اُس وقت ہوا، جب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری کے بعد سیلیوٹ کرکے 10 پُش اپس لگائے۔

مصباح کے ان پش اپس کا مقصد پاک آرمی کی جانب سے لگائے تربیتی کیمپ میں فوجی ٹرینرز کی جانب سے کرائی گئی تربیت پر ان کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

مزید پڑھیں:مصباح الحق کا پش اپس لگا کر فوج کو خراج تحسین

بعدازاں مصباح الحق نے اپنے غیرروایتی جشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے آرمی کے جوانوں سے وعدہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا، 'ہم نے لاہور میں تربیتی کیمپ سے قبل ایبٹ آباد میں ایک ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیا تھا اور اس دوران ہر مرتبہ ہم اعزازی کوڈ دیا کرتے تھے، ہم گراؤنڈ میں داخل ہوتے تھے اور دس پش اپس لگاتے تھے۔ میں نے ان (فوجیوں) سے وعدہ کیا تھا اگر کبھی میں نے سنچری اسکور کی تو میں ضرور پش اپس لگاؤں گا تاکہ یاد دلا سکوں میں ہم وہاں آئے تھے'۔

بس پھر کیا تھا، شاہینوں نے لارڈز گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی منفرد انداز میں جشن منایا اور قطار بناکر متعدد پُش اپس لگائے اور فوجی انداز میں سیلیوٹ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم کا فوج کو منفرد خراج تحسین

یہ منظر دیکھ کر کرکٹ کھلاڑی احمد شہزاد نے بھی، جو اِن دنوں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں پش اپس لگائے اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

حال ہی میں سندھ کے نو منتخب وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے پش اپس لگاتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ساتھ ہی پنجاب کے وزیر کھیل کو بھی 50 پش اپس کا چیلنج دے ڈالا۔

اور دلچسپ بات یہ کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں لوگ 'پش اپس' کی جنگ میں مصروف ہیں اور اپنی پش اپس لگاتے ہوئے ویڈیوز بناکر #22PushUpChallenge کے ہیش ٹیگ کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں اور اس کے لیے ضروری نہیں کہ آپ 22 پش اپس ہی لگائیں، محض 10 یا 5 پش اپس سے بھی کام چل سکتا ہے۔

لیکن آخر یہ ساری دنیا ہر ایک دم سے پش اپس کا جنون کیوں سوار ہوگیا، تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ چیلنج دراصل امریکا کے ایک گروپ ہونر کریج کمٹمنٹ (Honor Courage Commitment) کی جانب سے شروع کیا گیا جس کا مقصد اس دعوے کو اجاگر کرنا ہے کہ امریکا میں ہر روز اوسطاً 22 فوجی اپنی جان لے لیتے ہیں۔

یہاں پڑھیں:سندھ کے وزیر کھیل کا پنجاب کے ہم منصب کو 'پش اپس' کا چیلنج

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ گروپ کے اس ٹرینڈ کا مقصد ان فوجیوں کی سپورٹ کے حوالے سے ایک کمیونٹی کا قیام ہے تاکہ انھیں درپیش ذہنی صحت کے مسائل اور آگاہی کے حوالے سے کام کیا جاسکے۔

اس گروپ کا مقصد 22 ملین پش اپس کے سنگ میل تک پہنچنا ہے اور یہ گروپ لوگوں کی جانب سے استعمال ہونے والے ٹیگز کو شمار کرتا ہے۔

اس ٹرینڈ کے عام ہوتے ہیں پوری دنیا سے مختلف سلیبرٹیز، گروپ اور تنظیمیں اس پش اپ ٹرینڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور ریسلر دی راک نے بھی یہ چیلنج قبول کیا اور اپنی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انھیں پش اپس لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں