'پاکستان کے سوا کوئی عالمی نمبرایک بننے کا مستحق نہیں'

23 اگست 2016
وقار یونس نے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ترقی کی وجہ مصباح الحق کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو قرار دیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
وقار یونس نے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ترقی کی وجہ مصباح الحق کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو قرار دیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

کراچی: پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ترقی کی وجہ مصباح الحق کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو قرار دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود عمدہ کھیل پیش کرنی والی پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بننے کی مستحق ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے کہا کہ یہ پوری قوم کیلئے فخر کا موقع ہے۔ یہ مصباح اور پوری ٹیم کیلئے بہت بڑا لمحہ ہے کیونکہ انہیں سخت محنت کا پھل مل گیا۔ عالمی نمبر ایک بننا خواب ہوتا ہے اور پاکستان کے علاوہ کوئی بھی ٹیم عالمی نمبر ایک بننے کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سے آٹھ سال کے دوران کافی کچھ سہا ہے لیکن مستقل بہترین کرکٹ کھیلی۔ کافی سارے مسائل، تنازعات اور خصوصاً ملک میں کرکٹ میں کرکٹ نہ ہونا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہمیشہ گھر سے دور رہنا پڑا لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ اسی وجہ سے انہیں اپنے کارنامے پر فخر پونا چاہیے۔

وقار نے کہا کہ ہم ہر مشکل کے باوجود آگے بڑھتے چلے گئے، پیچھے نہیں ہٹے اور تمام مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسی جدوجہد کے نتیجے میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ یاد رہے کہ وقار یونس کی جانب سے کوچنگ سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد نئے کوچ مکی آرتھر نے دورہ انگلینڈ سے دس دن قبل ہی اپنی ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔

وقار نے کہا کہ اس کا سہرا مصباح کے سر جاتا ہے جنہوں نے بے انتہا تنقید کے باوجود مشکل وقت میں اپنی زبان سے ایک بھی غلط لفظ تک ادا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کے کھیلنے کے انداز کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی تھی لیکن اب میں سوچتا ہوں کہ یہ لوگ بحیثیت پاکستانی فخر محسوس کر رہے ہوں گے، آپ مصباح سے اور کیا چاہتے ہیں؟ انہوں نے اپنے طریقے سے سب کچھ کیا چاہے لوگ ان کے طریقہ کار کو پسند کریں یا نہیں اور ہمیں عالمی نمبر ایک کے منصب تک پہنچا دیا۔ اب آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟۔

ادھر سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی مصباح کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی ایسا نہیں جو مصباح کی جگہ لے سکے۔

سوشل میڈیا پر اپنے شائقین سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ مصباح ایک تحمل مزاج انسان ہیں اور ایک بہترین قائد ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں محمد عامر وہ باؤلر ہیں جو پاکستان کرکٹ میں ان کی جگہ لے سکتے ہیں اور وہ اسی طرح دل و جان سے باؤلنگ کرتے ہیں جس طرح وہ نوجوانی میں کیا کرتے تھے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے اسد شفیق کو موجودہ پاکستانی ٹیم میں اپنا سب سے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ جس طرح اسد شفیق نے انگلینڈ میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کی اس سے وہ بہت متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایجسبٹن ٹیسٹ کی دونوں اننگ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے جس طرح اوول میں سنچری اسکور کی، وہ ان کی ذہنی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں