کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں مدرسے کے قریب فائرنگ کرکے کالعدم تنظیم اہل سنت و الجماعت ( اے ایس ڈبلیو جے) کے 2 کارکنوں کو قتل کردیا گیا۔

گلشن تھانے کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) فرہاد احمد نے ڈان کو بتایا کہ گلشن اقبال بلاک 6 کے قریب واقع مدرسہ اقرا دارالاطفال کے منتظم مفتی غلام اکبر اور ان کے مہمان مفتی کامران پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

ایس پی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مفتی کامران موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مفتی غلام اکبر کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مقتولین کا تعلق کالعدم اہل سنت و الجماعت سے ہے، لہذا اس سلسلے میں فرقہ واریت کا پہلو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے واقعے میں 9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان (ایس ایس پی) سے تشکیل پانے والی تنظیم اہل سنت والجماعت پر فروری 2012 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔

تاہم پابندی کے باوجود ملک میں اے ایس ڈبلیو جے کی سرگرمیاں جاری ہیں اور یہ تنظیم وقتاً فوقتاً مختلف شہروں میں مذہبی کانفرنسز اور اجتماعات منعقد کرتی رہتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں