سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین فورسز کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری شہری ہلاک ہوگیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کمشیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں عامر میر نامی شخص ہلاک ہوگیا۔

کشمیری شہری کی ہلاکت کا یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کشیدگی کم کرنے کیلئے عوامی حلقوں سے بات چیت کرنے کیلئے سری نگر میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات ضروری ہیں،مودی

میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے شہری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عامر میر ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔

عامر میر کی نماز جنازہ ہسپتال کے باہر ہی ادا کی گئی اور اس موقع پر مظاہرین نے ہندوستان مخالف نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور اب تک 70 سے زائد کشمیری ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

کشمیر بھر میں گزشتہ 47 روز سے کرفیو بھی نافذ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ دنوں کشمیری اپوزیشن جماعتوں کا ایک وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کیلئے نئی دہلی گیا تھا جہاں مودی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ 'کشمیر کے مسئلے کا دیر پا اور مستقل حل نکالنے کی ضرورت ہے اور مقصد کیلئے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کا راستہ نکالا جانا چاہیے۔'

مزید پڑھیں: ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے 3 'حریت پسند' ہلاک

ملاقات میں کشمیری رہنمائوں نے کشمیریوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت معاملے کا سیاسی حل نکالنے کے بجائے طاقت کا استعمال کررہی ہے۔

پاکستان بھی کشمیر کے مسئلے پر انڈیا کو باضابطہ مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے تاہم اس کے جواب میں ہندوستان کا کہنا ہے کہ وہ صرف کشمیر نہیں بلکہ سرحد پار دہشتگردی پر بھی بات کرنا چاہتا ہے۔

برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے دونوں ملکوں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں