دپیکا پڈوکون نے ہولی وڈ اداکاراﺅں کو پیچھے چھوڑ دیا

اپ ڈیٹ 24 اگست 2016
دپیکا پڈوکون — اے ایف پی فائل فوٹو
دپیکا پڈوکون — اے ایف پی فائل فوٹو

ہولی وڈ اداکارہ جینیفر لارنس مسلسل دوسرے سال سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکارہ قرار پائی ہیں، مگر دپیکا پڈوکون نے اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر آکر سب کو حیران کردیا ہے۔

جنیفر لارنس نے یہ اعزاز 2015 میں سینڈرا بلاک کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا تھا۔

جینیفر لارنس نے بلاک بسٹر فلم دی ہنگر گیمز سے بے پناہ شہرت سمیٹی اور اب وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں۔

امریکا کے فوربز میگزین کی سال 2016 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں جینیفر لارنس 46 ملین ڈالرز کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

میگزین کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ آمدنی کمانے والی اداکاراؤں کی فہرست میں ہولی وڈ کی اداکارائیں سر فہرست ہیں،جبکہ پہلی بار بولی وڈ کی ایک اداکارہ نے بھی اس میں جگہ بنائی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جینیفر لارنس نے گزشتہ سال 52 ملین ڈالرز کمائے تھے اور اس سال ان کی آمدنی میں کمی دیکھنے میں آئی۔

رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

جینیفر لارنس کے بعد دوسرے نمبر پر میلیسا میکارتھی موجود ہیں جنھوں نے بارہ ماہ کے دوران 33 ملین ڈالرز کمائے، جبکہ تیسری پوزیشن ہولی وڈ کی پرکشش اداکارہ سکارلیٹ جونسن کے نام رہی ،جنھوں نے25 ملین ڈالر کمائے۔

ان کے بعد چوتھے نمبر پر جنیفر آنسٹن 21 ملین ڈالرز کما کر موجود ہیں جبکہ چینی اداکارہ فین بنگ بانگ 17 ملین ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

اداکارہ چارلیز تھیرون 16.5 ملین ڈالرز کے ساتھ چھٹے، ایمی ایڈمز 13.5 ملین ڈالرز کے ساتھ ساتویں، جولیا رابرٹس 12 ملین ڈالرز کے ساتھ آٹھویں اور میلا کیونس 11 ملین ڈالرز کما کر نویں نمبر پر موجود ہیں۔

سب سے حیرت انگیز نام دپیکا پڈوکون کا ہے جو 10 ملین ڈالرز کما کر اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہیں، اس طرح انہوں نے انجلینا جولی، کرسٹین اسٹیورٹ اور دیگر معروف ہولی وڈ اداکاراﺅں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں