اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی داعش اور القاعدہ پابندی کمیٹی نے پاکستان کے خلاف دی جانے والی ہندوستانی تجویز کو مسترد کردیا، جس کے بعد ہندوستان کی پاکستان کو عالمی برادری میں بدنام کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کا الزام عائد کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کی پابندی کمیٹی کو پاکستان میں داؤد ابراہیم کے 3 مبینہ پتے دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف کارروائی کی تجویز دی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کمیٹی کومہیا کردہ معلومات جھوٹ پر مبنی تھیں اور اس کا مقصد پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان اس طرح کے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہچانا چاہتا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ داؤد ابراہیم کے حوالے سے ماضی میں دی گئی معلومات بھی بے بنیاد اور جھوٹی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں