فواد خان بہت ہی حسین آدمی ہیں، انیل کپور

24 اگست 2016
پاکستانی اداکار فواد خان اور بولی وڈ اداکار انیل کپور — فوٹو/ فائل
پاکستانی اداکار فواد خان اور بولی وڈ اداکار انیل کپور — فوٹو/ فائل

فواد خان کی بولی وڈ میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث ہر کوئی ان کا مداح بنتا جارہا ہے اور اب سونم کپور کے والد انیل کپور بھی اس فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔

بی بی سی اردو کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انیل کپور نے جہاں فواد خان کی تعریف کی، وہیں انہیں مزید کامیابیوں کی دعائیں بھی دیں۔

انیل کپور کا کہنا تھا ’فواد خان بہت ہی حسین آدمی ہیں، وہ بہت اچھا کام بھی کرتے ہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کرکے بے حد مزا آیا، میری خدا سے دعا ہے کہ وہ صرف ہندوستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں کامیاب ہوں‘۔

واضح رہے کہ فواد خان اور انیل کپور ایک ساتھ سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’جگل بندی‘ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: سلمان اور فواد کی 'جگل بندی'؟

جب انیل کپور سے پوچھا گیا کہ انہیں سونم کپور کی کون سی فلمیں سب سے زیادہ پسند ہیں تو انہوں نے ’خوبصورت‘ اور ’نیرجا‘ کا نام لیا۔

انیل کا کہنا تھا ’گزشتہ سال سونم کی فلم نیرجا ریلیز ہوئی، میں نے ایسی چند ہی فلمیں دیکھی ہیں جنہوں نے مجھ پر اتنا زیادہ اثر چھوڑا ہو‘۔

تاہم انہوں نے اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگنے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا ’مجھے بہت دکھ ہوا کہ پاکستان میں نیرجا ریلیز نہیں ہوئی، یقیناً اس کی کچھ وجوہات ہوں گی جن کے بارے میں میں نہیں جانتا، خوشی ہوتی اگر یہ فلم پاکستان میں ریلیز ہوتی لیکن مجھے یقین ہے کہ لوگوں نے فلم انٹرنیٹ پر ضرور دیکھی ہوگی، نیرجا میں سونم کی پرفارمنس بہترین تھی اور مجھے ان پر فخر ہے‘۔

سونم کپور کی فلم ’خوبصورت‘ فواد خان کی پہلی بولی وڈ فلم تھی، اس حوالے سے انیل کا کہنا تھا کہ ’یقیناً خوبصورت بھی پاکستان میں کافی ہٹ ہوئی تھی اور یہ میری پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان آنے کو ترس رہا ہوں، انیل کپور

واضح رہے کہ انیل کپور اس سے قبل بھی اپنے بیانات میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہتے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی فلموں میں کام کی خواہش ظاہر کردی۔

انیل نے پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’میں ہر پروجیکٹ کرنے کے ساتھ پاکستان آنے کے مواقع ملنے کی امید کرتا ہوں تاکہ میں سب سے مل سکوں، جس دن بھی میں پاکستان کی مٹی پر قدم رکھوں گا، وہ میرے لیے خوشی کا دن ہوگا‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں