کراچی: رینجرز نے شہر قائد میں ایک کارروائی کے دوران نجی چینل اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا.

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم آصف صدیقی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی یونین کونسل (یوسی) 22 کے چیئرمین ہیں، جنھیں رنچھوڑ لائن سے گرفتار کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے 22 اگست کو پریس کلب پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے۔

مزید پڑھیں: الطاف حسین نے کیا کہا ...

جس کے بعد مشتعل کارکنان نے ریڈ زون کے قریب ہنگامہ آرائی کی اور نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے دفتر میں گھس کر نعرے بازی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی، اس دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ٹی وی چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں مشتعل افراد کو دفتر میں گھستے اور توڑ پھوڑ کرتے دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:اے آر وائی کے دفتر پر حملہ، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

اس دوران مشتعل افراد کی بڑی تعداد زینب مارکیٹ کے اطراف موجود تھی جنہیں گورنر ہاؤس کی جانب جانے سے روکنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی، جس پر مظاہرین نے پتھراؤ شروع کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے جب کہ زینب مارکیٹ اور اس کے اطراف کے تمام تجارتی مراکز بند ہوگئے۔

اس موقع پر گورنر ہاؤس اور اس کی اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا جبکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واقعے کے بعد ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا تھا کہ حملہ کرنے والوں کو ایک ایک سیکنڈ کا حساب دینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی اور کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں