متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر اور کارکنان کے اے آر وائی کے دفتر پر حملہ کے بعد کراچی کی سیاست نے میڈیا کو کئی ہیڈ لائنز دیں۔

ایک کے بعد ایک 'بڑی خبر' نے سب کو حیران کردیا، ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو کراچی پریس کلب میں تقریر سے قبل رینجرز سوال جواب کے لیے اپنے ساتھ لے گئی، الطاف حسین نے اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگی، مشہور ٹی وی شخصیت اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما عامر لیاقت بھی بہت کچھ بولتے نظر آئے، ایم کیو ایم نے پارٹی کو لندن کے بجائے کراچی سے چلانے کا اعلان کیا، لیکن اتنی بڑی خبروں کے باوجود عوام کو سوشل میڈیا پر مذاق اڑانے سے کوئی نہیں روک سکا۔

مزید پڑھیں: اے آر وائی کے دفتر پر حملہ، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین ان حالیہ واقعات کو لے کر بھی مذاق اڑانے سے باز نہیں آئے اور مزاحیہ ٹوئیٹس کے ذریعے لوگوں کو اس خراب صورتحال میں بھی ہنسانے کا موقع مل گیا۔

آپ کو آصف، مدثر اور سلمان کی گہری دوستی یاد ہے؟ ایک صارف کے مطابق فاروق ستار نے بھی الطاف حسین سے دوستی ختم کرلی اور اب ’ٹھاکر‘ ان کے بہترین دوست ہیں۔

فاروق ستار کو تقریر کرنے سے روکنے والے رینجر اہلکار ٹھاکر ایک ہی رات میں سوشل میڈیا پر چھا گئے، ان کی مونچھوں کے بارے میں ایک صاحب کا کہنا تھا، 'لگتا ہے انہیں اپنی مونچھوں پر تیل لگانے کے لیے ماہانہ خاص الاﺅنس دیا جاتا ہے'۔

ان سب میں عامر لیاقت کو کون بھول سکتا ہے؟

ایک صارف کا جیل میں 'ڈاکٹروں' کا اضافہ ہونے پر کہنا تھا ’ڈاکٹر عاصم، ڈاکٹر عامر لیاقت، ڈاکٹر فاروق ستار سب کو مل کر جیل میں ایک کلینک کھول لینا چاہیے‘۔

کسی نے الطاف حسین کی مختلف تصاویر شیئر کرکے لکھا، ’ایسی شکلیں تب ہی بنائی جاتی ہیں جب آپ کا دوست سب کے درمیان آپ کی برائی کرے اور آپ اس سے بدلہ لینے کا منصوبہ بنائیں‘۔

کوک اسٹوڈیو کی گلوکارہ مومنہ مستحسن کو بھی نہیں بخشا گیا۔

ایک صارف نے ہم ٹی وی کے ڈرامے ’من مائل‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’یہ سب کچھ کراچی میں صرف اس لیے کیا گیا ہے تاکہ ہم یہ نہ جان سکیں کہ جینا نے صلاح الدین کو زہر دیا اور وہ وہاں سے فرار ہوگئی‘۔

کسی کا کہنا تھا، ’من مائل ڈرامے کو دیکھنا اور الطاف حسین کی تقریر سننا ایک ہی بات ہے، غصہ بھی آرہا ہوتا ہے اور سمجھ بھی نہیں آتی‘۔

ایک صارف نے لکھا، 'جہاں رینجر، وہاں ڈینجر!'

فاروق ستار کی پریس کانفرنس کے بعد بھی لوگوں نے کئی مزاحیہ تصاویر شیئر کیں۔

ایک صاحب کا کہنا تھا ’فاروق ستار نے لندن سے ایم کیو ایم کے علیحدہ ہونے کا اعلان ایسے کیا جیسے نکاح کے کاغذات پر دستخط کرنے سے قبل دو لوگ آپس میں مشترکہ فیصلے کرنے کا ارادہ کرتے ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں