پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی بولی وڈ فلم ’رئیس‘ تو اس سال ریلیز نہیں ہوگی تاہم اداکارہ کے مداح انہیں جلد ہی ایک اور فلم میں کام کرتے دیکھ پائیں گے۔

اداکارہ ماہرہ خان پاکستان کی آنے والی کامیڈی فلم ’ایکٹر ان لا‘ میں ایک مختصر لیکن خاص کردار کرنے جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ایکٹر ان لا‘ کا مائیکل جیکسن سے کیا تعلق؟

فلم ’ایکٹر ان لا‘ کے ہدایت کار نبیل قریشی نے انسٹاگرام پر ماہرہ خان کی فلم سٹوڈیو میں موجودگی کی ایک تصویر شیئر کی اور لوگوں سے اندازہ لگانے کو کہا کہ ماہرہ کیا کرنے جارہی ہیں۔

نبیل قریشی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ماہرہ کے فلم میں مختصر کردار ادا کرنے کی تصدیق بھی کی۔

نبیل کا کہنا تھا کہ ’ہاں ماہرہ خان فلم ایکٹر ان لا میں ایک مختصر کردار ادا کررہی ہیں لیکن ہم ابھی ان کے کردار کے حوالے سے نہیں بتا سکتے، مجھے امید ہے کہ ماہرہ کا کردار فلم میں مداحوں کے لیے اچھا سرپرائز ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’قائداعظم بھی اداکار بننا چاہتے تھے‘

فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی پروڈیسر فضا علی مرزا کے مطابق فلم میں کئی اداکار مختصر کردار کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ، مہوش حیات خان اور بولی وڈ معروف اداکار اوم پوری شامل ہیں۔

’ایکٹر ان لا‘ روان سال عیدالضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں