پہلا ون ڈے : انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 25 اگست 2016
جیسن روئے65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: رائٹرز
جیسن روئے65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: رائٹرز

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 44 رنز سے شکست دے دی۔

میزبان ٹیم نے پاکستان کے 260 رنز کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 34.3 اوورز میں 194 رنز بنالیے تھے تاہم بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا اور ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت میچ کا فیصلہ انگلینڈ کے حق میں ہوا۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 65 اور جیسن روئے 61 رنز بناکر نمایاں رہے، قبل ازیں پاکستان نے کپتان اظہر علی کے 82 اور سرفراز احمد کے 55 رنز کی بدولت 6 وکٹوں پر 260 رنز بنائے تھے۔

الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے ہدف کا تعاقب شروع کیا،عمرگل نے اپنے دوسرے اوور میں 7 رنز پر کھیلنے والے انگلش اوپنر ہیلز کو سلپ پر کھڑے محمد حیفط کے ہاتھوں آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

جیسن روئے اور جوروٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی جس کے بعد بابراعظم نے باؤنڈری پر محمد نواز کی گیند پر بہترین کیچ تھام کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی، روئے نے 65 رنز بنائے۔

جوروٹ اور مورگن نے انگلینڈ کا اسکور 158 رنز تک پہنچایا تو اظہرعلی نے روٹ کو رن آؤٹ کردیا اس وقت روٹ 61 رنز پر کھیل رہے تھے۔

بارش کے باعث جب کھیل روکا گیا تو انگلینڈ نے 34.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر194 رنز بنا لیے تھے اور جیت کے لیے مزید 67 رنز درکار تھے۔

مورگن 33 اور بین اسٹوکس15رنز بناکر کریز پر موجود تھے، جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے کپتان اظہرعلی اور سرفرازاحمد کی نصف سنچریوں کی بدولت 5 میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا تھا۔

انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 27 اگست کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

روزباؤل میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بینٹگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان اظہرعلی 82، شرجیل خان 16، محمد حفیظ 11 ،بابر اعظم 40 ، سرفراز 55، ،شعیب ملک،محمد نواز اور عماد وسیم 17، 17 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں ،مارک ووڈ، لیام پلنکیٹ، جوروٹ اور کرس ووکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کو 2-2 سے برابر کیا تھا جبکہ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی تھی۔

قومی ٹیم کو ون ڈے میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنانا ہے تاکہ ورلڈ کپ 2019 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرسکے، ٹیم اس وقت تاریخ کی بدترین 9 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 2015 میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا تھا۔

5 میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دے دی تھی۔

رواں سیریز کے پہلے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: اظہرعلی (کپتان)، شرجیل خان، محمد حفیظ، بابراعظم، سرفرازاحمد، شعیب ملک، محمد نواز، عماد وسیم، وہاب ریاض، محمد عامر، عمرگل،

انگلینڈ: آئن مورگن (کپتان)، الیکس ہیلز، جیسن روئے، جوروٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، لیام پلنکنٹ، مارک ووڈ


تبصرے (1) بند ہیں

کلیم Aug 25, 2016 12:20pm
انگلینڈ کو ڈک لوئس قانون کے تحت 44 رنز سے کامیاب قرار دیا گیا۔