''دورہ بنگلہ دیش کیلئے کسی کھلاڑی کو مجبور نہیں کیا جائے گا'

24 اگست 2016
انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن۔ فوٹو رائٹرز
انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن۔ فوٹو رائٹرز

لندن: انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کسی بھی کھلاڑی کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کیلئے مجبور نہیں کرے گا۔

انگلینڈ نے تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کیلئے اکتوبر کا دورہ کرنا ہے لیکن یکم جولائی کو ڈھاکا کے کیفے میں ہونے والے دھماکے میں 22 افراد کی ہلاکت کے بعد غیرملکی ٹیموں نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا اور اسی لیے آسٹریلین ٹیم نے اپنا دورہ بنگلہ دیش منسوخ کردیا تھا۔

جمعرات کو انگلینڈ کا تین رکنی پینل دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے ایک روزہ ٹیم کو بریفنگ دے گا اور اس کے بعد ہی بنگلہ دیش جانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے گا۔

آئن مورگن نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کسی بھی کھلاڑی کو کسی مخصوص دورے کیلئے کبھی مجبور کیا جائے گا، ہمارے لیے گروہ کی حیثیت سے متحد رہنا ضروری ہے۔

آسٹریلیا نے دورہ بنگلہ دیش پر جانے سے انکار کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں وجوہات کی بنا پر انڈر19 ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹیم نہیں بھیجی تھی۔

انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کو 30 ستمبر کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہونا ہے اور مورگن کو یقین ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ اس حوالے سے دانشمندانہ فیصلہ کرے گا، بورڈ کئی سالوں سے ہماری بہتری کیلئے فیصلے کرتا آرہا ہے اور ہمیں کبھی بھی خطرے میں نہیں ڈالا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں