کراچی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی حالیہ تقریر نے تمام راز افشا کردیئے، جبکہ ان کی اس تقریر کے بعد اب ایم کیو ایم ایک ہوگی، دو یا تین آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گا۔

کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ وہ کراچی کے عوام اور فورسز کو مبارکباد دیتے ہیں کہ 25 سال میں پہلی بار کراچی شہر کسی کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنا اور پہلی بار کراچی کے عوام کسی دھمکی میں نہیں آئے۔

انہوں نے میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملوں کے باوجود میڈیا تمام صورتحال کو دنیا کے سامنے لے کر آیا اور اس نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے شہر میں خوف کی فضا قائم نہیں ہونے دی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایم کیو ایم کے فیصلے اب پاکستان میں ہوں گے‘

ان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت کے سربراہ نے اس ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کی جس نے اُنہیں عزت دی، سمجھ نہیں آئی کہ دو دن قبل متحدہ کے قائد الطاف حسین نے ایسی بات کیوں کی، لیکن ان کی تقریر نے تمام راز افشاں کردیئے، جبکہ الطاف حسین کی اس سے قبل بھی خفیہ مواقع پر کی گئی تقاریر کا ریکارڈ موجود ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اردو بولنے والے سب سے زیادہ محب وطن لوگ ہیں اور انہوں نے پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دیں، اردو بولنے والوں کا ماضی اور مستقبل پاکستان ہے، اس لیے کوئی اردو بولنے والا شخص پاکستان مخالف نعروں کے بعد ایم کیو ایم کے قائد کا ساتھ نہیں دے سکتا۔

مزید پڑھیں: الطاف حسین نے کیا کہا. . .

ایم کیو ایم کی فنڈنگ کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کی بیرونی فنڈنگ سے آگاہ ہیں، لیکن ایم کیو ایم کو غیر ملکی فنڈنگ پاکستان کے راستے نہیں ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایک دن کے لیے بھی بند ہوجائے تو قومی معیشت کو 5 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، پہلے کسی کو کھجلی بھی ہوتی تھی تو کہتے تھے کہ کراچی کو بند کردو، لیکن اب کوئی بھی کراچی کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کا تسلسل قائم رہنا چاہیے، نازک صورتحال کے باوجود بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کسی بھی شخص کو بلاوجہ حراست میں نہ لینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ انتظامیہ اور رینجرز کو کہا کہ کسی شہری کو ہراساں بھی نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کا مرکز نائن زیرو سرچ آپریشن کے بعد سیل

چوہدری نثار نے کہا کہ دو روز قبل کراچی میں پیش آنے والی صورتحال پر برطانیہ کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ ہوا ہے اور برطانیہ سے دستیاب شواہد کی روشنی میں کارروائی کا کہا ہے، توڑ پھوڑ کے کچھ شواہد بھی برطانیہ بھیج رہے ہیں، جبکہ پاکستان میں درج ایف آئی آر بھی برطانیہ کو فراہم کریں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا ایم کیو ایم کے حوالے سے جو بھی معاملہ ہوگا وہ قانونی و آئینی تقاضوں کے مطابق ہوگا، جبکہ ایم کیو ایم ایک ہوگی، دو یا تین، یہ آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی اور آئینی معاملات میں وفاق اور سندھ حکومت ایک صفحے پر ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں وزیر اعظم نواز شریف نے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

زیدی Aug 25, 2016 10:49am
"کراچی ایک دن کے لئے بھی بند ھو جائے توقومی معیشت کو 5ارب کا نقصان ہوتا " ایسے شہر کے لئے کتنا بجٹ رکھا جاتا ہے