لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں انھیں باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لیے دی گئی زمین 'متنازع' ہے۔

رائے ونڈ روڈ پر واقع ایک نجی اسکول کے ایگزام ہال کے افتتاح کے موقع پر رپورٹرز سے گفتگو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ، 'باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لیے انھیں دی گئی زمین متنازع ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ اس مقصد کے لیے مجھے زمین فراہم کریں گے، لیکن عملی طور پر مجھے کوئی زمین نہیں دی گئی'۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انھیں یہاں کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرکے خوشی ہوگی۔

مزید پڑھیں:عامر خان تھر پہنچ گئے، ہسپتال بنانے کا اعلان

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ایک ترجمان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عامر خان کو باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لیے زمین کا ٹکڑا دینے کا کوئی وعدہ نہیں کیا تھا، ان کا مزید کہنا تھا کہ 'دراصل پنجاب حکومت قذافی اسٹیڈیم کے قریب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک باکسنگ اکیڈمی بنا رہی ہے اور عامر خان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ اس اکیڈمی میں نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت دیں، جہاں تعمیراتی کام کا آغاز رواں برس کیا جائے گا'۔

حال ہی میں عامر خان نے اسلام آباد میں اپنی باکسنگ اکیڈمی کا افتتاح کیا۔

دی عامر خان باکسنگ اکیڈمی، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے قائم کی گئی، تاکہ نوجوان باکسرز کو وہاں تربیت دی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کی خدمات کا اعتراف، عامر خان نے بیلٹ پیش کردی

اس حوالے سے عامر خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ان کی اکیڈمی بالکل اسی طرز پر بنائی گئی ہے، جیسی انھوں نے برطانیہ میں قائم کی تھی اور جہاں سے جلد ہی ورلڈ چیمپیئنز نکلیں گے۔

یہ خبر 25 اگست 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں