دلشان کا بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان

اپ ڈیٹ 26 اگست 2016
دلشان نے آخری ٹیسٹ میچ 2013 میں کھیلا تھا—فوٹو: اے ایف پی
دلشان نے آخری ٹیسٹ میچ 2013 میں کھیلا تھا—فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر تلکارتنے دلشان نے آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔

تلکارتنے دلشان نے مقامی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ' میں نے اتوار کو دمبولا میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے کے بعد کنارہ کش ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دو ٹی ٹوئنٹی کھیل کر مکمل طورپر ریٹائر ہوجاؤں گا'۔

آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد 6 ستمبر اور 9 ستمبر کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔

دنیا کرکٹ میں مشہور 'دلسکوپ'شاٹ متعارف کرانے والے دلشان نے ریٹائرمنٹ سے قبل 2013 میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا جبکہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کے 87 میچوں میں 23 نصف سنچریوں اور 16 سنچریوں کی مدد سے 5 ہزار492 رنز بنائے اور 39 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دلشان کو جارحانہ بلے بازی اور کارآمد باؤلنگ کے علاوہ شاندار فیلڈر کے طورپر بھی جانا جاتا ہے تاہم انھوں نے رواں سیریز کے ابتدائی دومیچوں میں بالترتیب 22 اور 10 رنز بنائے ہیں۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلانگا سوماتھیپالا نے اپنے بیان میں کہا کہ 'میں اور پوری کمیٹی ان کو خراج تحسین پیش کررہی اور ان کے بہترین مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں'۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق دلشان کوورلڈ کپ 2019 کے پیش نظر سری لنکا کی بہتر ٹیم کی تشکیل کے لیے اینجیلو میتھیوز کی معاونت کی غرض سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔

دلشان نے ایک روزہ کرکٹ میں زمبابوے کے خلاف 1999 میں ڈیبیو کیا اور 329 میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے47 نصف سنچریوں اور 22 سنچریوں کی مدد سے 10 ہزار248 رنز بنائے جبکہ 106 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

سری لنکا کی جانب سے انھوں نے 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جہاں انھوں نے 104 رنز کی بہترین کارکردگی کے ساتھ مجموعی طورپر1884 رنز بنائے جس میں ایک سنچری کے علاوہ 13 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں