شاہ رخ بولی وڈ کے سب سے زیادہ کمانے والے اداکار

اپ ڈیٹ 26 اگست 2016
شاہ رخ خان — رائٹرز فائل فوٹو
شاہ رخ خان — رائٹرز فائل فوٹو

بولی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ ہوسکتا ہے فلموں کی کامیابی کے معاملے میں سلمان خان سے پیچھے ہوں مگر جب بات کمانے کی ہو تو وہ سب سے آگے نظر آتے ہیں۔

جی ہاں امریکی جریدے فوربز نے جون 2015 سے جون 2016 کے درمیان سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں شاہ رخ خان 33 ملین ڈالرز کما کر آٹھویں نمبر پر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال اس فہرست میں سلمان خان اور امیتابھ بچن مشترکہ طور پر 7 ویں جبکہ شاہ رخ 18 ویں نمبر پر تھے۔

تاہم اس سال امیتابھ بچن اور سلمان خان دونوں ٹاپ ٹین میں شامل نہیں، تاہم بولی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار 31.5 ملین ڈالرز کی آمدنی کے ساتھ 10 ویں نمبر پر بریڈ پٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر ضرور موجود ہیں۔

اس فہرست میں سب سے زیادہ کمانے والے اداکار ریسلنگ کی دنیا سے اداکاری میں آنے والے ڈیوائن جانسن المعروف دی راک رہے جو ایک سال کے دوران 64.5 ملین ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے، جبکہ گزشتہ سال نمبرون پوزیشن پر موجود رابرٹ ڈاﺅنی جونئیر 33 ملین ڈالرز کما کر شاہ رخ خان کے ساتھ مشترکہ طور پر 8 ویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر جیکی چن کے نام رہا جنھوں نے بارہ ماہ کے دوران 61 ملین ڈالرز کمائے، جبکہ میٹ ڈیمین 55 ملین ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر کھڑے ہیں۔

ٹام کروز 53 ملین ڈالرز کے ساتھ چوتھے، جونی ڈیپ 48 ملین ڈالرز کے ساتھ 5 ویں، بین ایفلک 43 ملین ڈالرز کے ساتھ چھٹے اور ون ڈیزل 35 ملین ڈالرز کے ساتھ 7 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

سلمان خان 14 ویں، لیونارڈو ڈی کیپریو 15 ویں جبکہ امیتابھ بچن 18 ویں نمبر پر کھڑے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں