اسمتھ کی عدم موجودگی میں وارنرآسٹریلیا کے کپتان

25 اگست 2016
اسمتھ کی موجودگی میں آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو: اے ایف پی
اسمتھ کی موجودگی میں آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو: اے ایف پی

کولبو: آسٹریلیا نے جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کے پیش نظر کپتان اسٹیو اسمتھ کو سری لنکا سے واپس بلالیا جبکہ ڈیوڈ وارنر بقیہ میچوں میں ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

اسمتھ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کی تھی جہاں انھیں 82 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور سری لنکا نے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے 3 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں، ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسمتھ کا آسٹریلیا واپسی پر کہنا تھا کہ 'مجھے کرکٹ سے دورہونے سے نفرت ہے لیکن طویل فائدے کے لیے مجھے یہ کرنا ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شیڈول بہت مصروف ہے اور میں تینوں طرز میں اپنی قابلیت کے مطابق کردار ادا کرنا چاہتا ہوں'۔

کرکٹ آسٹریلیا کے سلیکٹر کے چیئرمین روڈ مارش کا کہنا تھا اسمتھ کو آرام کی ضرورت ہے۔

مارش نے کہا کہ'اسمتھ کو اگلے 12 مہینوں میں بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ انھیں تازہ دم ہونے کے لیے وقت دیا جائے اور ان آخری 5 میچز کے دوران انھیں آرام کا بہترموقع ملے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پہلے دومیچوں کے نتائج کے برعکس اسمتھ کے حوالے سے ہمارا منصوبہ یہی تھا کہ انھیں آرام کا موقع دیا جائے تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے وہ تازہ دم ہوں'۔

روڈ مارش کا کہنا تھا کہ 'ڈیوڈ وارنر کے لیے قیادت کرنے کا بہترین موقع ہے، انھوں نے نائب کپتان کی حیثیت سے شاندار کام کیا ہے اور ہمیں اطمینان ہے کہ وہ اسمتھ کی جگہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے'۔

آسٹریلیا کی ٹیم اگلے ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی تاہم اس سے قبل 27 ستمبر کو بینونی میں آئرلینڈ کے خلاف ایک ون ڈے میچ کھیلے گی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں