انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو آئندہ ماہ شیڈول کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کی اجازت دے دی ہے۔

آسٹریلیا نے سیکیورٹی وجوہات کے سبب گزشتہ سال بنگلہ دیش جانے سے انکار کردیا تھا جبکہ اسی سبب انڈر19 ٹیم کو بھی بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

رواں سال جولائی میں دارالحکومت ڈھاکا میں ہونے والے بم دھماکے میں 22 افراد کی ہلاکت کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی تھی اور انگلینڈ کے دورہ بنگلہ دیش پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔

تاہم انگلش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی مشیر ریگ ڈیکاسن سمیت سینئر ماہرین پر مشتمل سیکیورٹی وفد حال ہی میں بھرپور معائنے کے بعد ہندوستان اور بنگلہ دیش سے وطن واپس پہنچا ہے۔

وفد کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نے بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کی ضمانت دی ہے لہٰذا وہاں کا کیا جا سکتا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کے قائدین سمیت کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے مکمل تفصیلات بتا دی گئی ہیں۔

انگلینڈ کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان اینڈریو اسٹراس نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ بنگلہ دیش شیڈول کے مطابق ہو گا، کھلاڑیوں کی حفاظت ہمیشہ ہی ترجیح رہی ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنے سیکیورٹی مشیروں کی سفارشات پر مکمل اعتماد ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظام الدین چوہدری نے انگلش بورڈ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے سیکیورٹی کے معیار کو برقرار رکھیں گے۔

انگلینڈ کی بنگلہ دیش کے دورے پر 30 ستمبر کو پہنچے گی جہاں وہ تین وارم اپ میچز، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی اور پھر دو نومبر کو دورہ ہندوستان کیلئے روانہ ہو جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں