ڈیوائن جانسن المعروف دی راک ریسلنگ کے بعد ہولی وڈ میں بھی سپراسٹار کا درجہ حاصل کرچکے ہیں اور اب وہاں سب سے زیادہ کمانے والے اداکار بھی مانے جاتے ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ راک نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز محض 7 ڈالرز (700 پاکستانی روپوں سے زائد) سے کیا تھا۔

جی ہاں اب ہر سال کروڑوں ڈالرز یا اربوں پاکستانی روپے کمانے والے دی راک نے سب سے پہلا کام جو کیا وہ رگبی کھلاڑی کی حیثیت سے میامی یونیورسٹی کی ٹیم کا حصہ بننا تھا، جس کے عوض انہیں صرف سات ڈالرز دیئے جاتے تھے۔

دی راک کے والد ریسلر تھے جبکہ ان کے دادا بھی ریسلنگ کا حصہ رہے مگر انہوں نے ریسلنگ کی بجائے رگبی کو ترجیح دی۔

راک خود بتاتے ہیں " رگبی میں کندھوں اور کمر کی سنگین انجریز کے باوجود میں نے کھیلنا جاری رکھا، مگر آخر میں جب میں نے جیب میں دیکھا تو صرف 7 ڈالرز میرے پاس تھے"۔

راک نے کینیڈین فٹبال لیگ میں بھی حصہ لیا جہاں انہیں صرف ڈھائی سو ڈالرز ہفتہ ملتے تھے ، مگر اپنی پہلی شادی کی ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے اپنے آبائی کھیل ریسلنگ میں جانا پسند کیا۔

اب یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ 1996 میں ریلسنگ کا حصہ بننے کے بعد 2002 تک اسے ہولی وڈ کے لیے چھوڑنے تک وہ کتنے مقبول ہوچکے تھے۔

دی راک نے 2001 میں فلم دی ممی ریٹرنز سے اداکاری کا ڈیبیو کیا اور یہی کردار دی اسکارپین کنگ میں دوبارہ دہرایا اور ریسلنگ سپراسٹار ہونے کی وجہ سے پہلے کردار میں ہی انہیں 5.5 ملین ڈالرز کا معاوضہ ملا۔

تاہم راک کو مقبولیت 2003 کی فلم دی رن ڈاﺅن سے ملی ، جس کے بعد ایکشن سے ہٹ کر کامیڈی فلموں میں بھی کام کیا تاہم وہ کسی فلم سیریز کا حصہ بننا زیادہ کرتے ہیں" مجھے لگتا ہے کہ فلم سیریز میں مواقع زیادہ ہوتے ہیں، اب چاہے وہ ایکشن ہو، کامیڈی یا ڈرامہ"۔

اور دی راک کو ایسی سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کی شکل میں ملی جس میں وہ پہلی بار فاسٹ فائیو میں نظر آئے، اور اب وہ فاسٹ اینڈ فیوریس 8 کا بھی حصہ ہیں۔

دی راک کو جو چیز دیگر اداکاروں سے الگ کرتی ہے وہ ان کی غذا ہے اور وہ دن بھر میں 7 بار کھانا کھاتے ہیں اور جتنی کیلوریز جسم کا حصہ بناتے ہیں، وہ عام لوگ سوچ بھی نہیں سکتے۔

ہولی وڈ میں اب وہ بہت زیادہ مصروف ہیں مگر کبھی کبھار ڈبلیو ڈبلیو ای جانا بھی ان کو پسند ہے اور گزشتہ دنوں انہیں فوربز نے دنیا کا سب سے زیادہ کمانے والا اداکار قرار دیا جس نے ایک سال میں 64.5 ملین ڈالرز (لگ بھگ پونے سات ارب پاکستانی روپے) کمائے۔

اس موقع پر انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ' میں نے 7 ڈالرز سے آغاز کیا، اگر میں آگے بڑھ سکتا ہوں تو آپ بھی ایسا کرسکتے ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں