بولی وڈ کے اداکار عمران ہاشمی کی نئی فلم کیپٹن نواب کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہیں، جس میں وہ ایک ایسے فوجی کے کردار میں نظر آئیں گے جس کی یونیفارم پر پاکستان اور انڈیا دونوں ممالک کے جھنڈے لگے ہوئے ہیں۔

عمران ہاشمی نے اپنے کردار کی پہلی جھلک ٹوئٹر کے ذریعے پیش کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عمران ہاشمی کی اس فلم کا پہلا پوسٹر چوری شدہ نکلا جس کو لوگوں نے پہچان بھی لیا۔

جی ہاں آپ نیچے تصویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ کیپٹن نواب کا پوسٹر بالکل ویڈیو گیم کال آف ڈیوٹی : بلیک اوپس کی ہو بہو نقل ہے۔

اس پوسٹر سے عندیہ ملتا ہے کہ عمران ہاشمی ایسے فوجی کا کردار ادا کررہے ہیں جو پاکستان اور انڈیا دونوں کے لیے خدمات سرانجام دیتا ہے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق عمران ہاشمی سے ان کے کردار کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا " یہی فلم کی خاص بات ہے، میں جانتا ہوں کہ لوگوں مختلف خیالات پیش کریں گے مگر اس وقت ہم اسے راز میں رکھنا چاہتے ہیں"۔

کیپٹن نواب کو ٹونی ڈی سوزا نے ڈائریکٹ کیا ہے جو اس سے قبل فلم اظہر کی ہدایات بھی دے چکے ہیں، جبکہ عمران ہاشمی نے اشارہ دیا ہے کہ ان کی فلم حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

بولی وڈ میں اکثر ایسا ہوتا رہتا ہے اور پوسٹرز بلکہ ہولی وڈ فلموں کے ٹریلرز اور کہانی تک کو چرا لیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں