ون ڈے ٹیم میں کسی کی جگہ محفوظ نہیں:آرتھر

اپ ڈیٹ 26 اگست 2016
مکی آرتھر کی سرپرستی میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے—فوٹو: اے پی
مکی آرتھر کی سرپرستی میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے—فوٹو: اے پی

لارڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی بہتربنانے پر زور دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ ٹیم میں کسی کی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

مکی آرتھر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 'ہم ٹیم کو بہتربنارہے ہیں اورہمارا خیال ہے کہ ایک یا دوسال میں ایسا کرسکیں گے، اسی لیے ہر کھلاڑی کو یہی مشورہ ہے کہ اپنی جگہ بنالیں یا پھر ہم متبادل تلاش کریں گےجو خوداپنی جگہ بنالے گا'۔

پاکستانی ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کو 2-2 سے برابر کرنے کے بعد پہلے ون ڈے میں روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے 44 رنز سے شکست کھائی تھی۔

سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے کپتان اظہرعلی اور سرفرازاحمد نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں ٹیم 300 کا ہندسہ عبورکرنے میں ناکام ہوئی تھی۔

تجربہ بلے باز محمد حفیظ کو ٹیسٹ سیریز میں بری طرح ناکامی کے باوجود ون ڈے میں شامل کیا گیا لیکن وہ ایک دفعہ پھر متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

مزید پڑھیں: پہلا ون ڈے : انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ 'میں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ کوئی محفوظ نہیں ہے اور اگر آپ کی عمر 30 سال سے زائد ہے تو آپ کو جلد ہی بہتری دکھانی ہوگی ورنہ یہ موقع نوجوان کھلاڑی کو دیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں کوئی راز کی بات نہیں بتارہا، ون ڈے ٹیم میں کوئی کھلاڑی محفوظ نہیں اور لڑکے بھی اس بات کو جانتے ہیں اور ہرکوئی جانتا ہے کہ وہ نوٹس پر ہے'۔

پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 میں رسائی کے لیے اپنی پوزیشن بہتربنانی ہے تاکہ براہ راست رسائی ہو۔

ون ڈے کی درجہ بندی میں قومی ٹیم کی پوزیشن پر ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک تشویش کی بات ہے، پاکستان ٹیم کو عالمی سطح پر 9 ویں نمبر پر نہیں ہوناچاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں مکمل طورپر ان فارم کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جن پر ہم اعتمار کریں اور انھیں بہتر بننے کے لیے آزادی دیں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو رینکنگ بہتر بنانے کیلئے انگلش چیلنج درپیش

انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے لڑکوں سے کہا ہے کہ وہ ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں'۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ لڑکے جائیں اپنی صلاحیتں دکھائیں اور آزادی سے کھیلیں لیکن جس طرح ہم نے گزشتہ میچ میں کھیلا وہ وقت کے حساب بہت پیچھے ہے'۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا میچ 27 اگست کو لارڈز میں ہوگا،میزبان ٹیم کو 0-1 سے برتری حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں