کون ہے جس کی خواہش نہ ہو کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت لیٹ کر گزارے لیکن کیا یہ عادت صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟

ہوسکتا ہے لیٹنے کا خیال بہت اچھا لگ رہا ہو مگر اپنا زیادہ وقت بستر پر گزارنا درحقیقت صحت کے لیے کچھ زیادہ اچھا نہیں، کیونکہ اپنا زیادہ وقت بستر پر گزارنے والوں کو متعدد طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس حوالے سے ناسا نے ایک شخص کو 18 ہزار ڈالرز دے کر 70 دن تک بستر پر لیٹے رہنے کی ملازمت دی جو سننے میں تو بہترین لگتی ہے۔

ایسا ایک تحقیق کے لیے کیا گیا اور نتیجے میں معلوم ہوا کہ 70 دن بعد جب وہ شخص بستر سے اترا تو اس کے دل کی دھڑکن کی رفتار 150 فی منٹ تک پہنچ گئی تھی اور اسے ہوش میں رہ کر سیدھا کھڑے ہونے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

تحقیق کے مطابق بستر پر زیادہ وقت گزارنے کے جسم پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہ عادت جلد کے ٹشوز کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔

اسی طرح بستر پر لیٹے رہنے کے نتیجے میں مسلز کے حجم اور مضبوطی میں نمایاں کمی آتی ہے جبکہ ہڈیاں بھی کمزور ہوتی ہیں۔

اسی طرح یہ عادت تناﺅ اور ذہنی فکرمندی جیسے عوارض کا باعث بھی بنتی ہے۔

اس عادت کے مزید نقصانات آپ نیچے موجود ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں مگر یہ ضرور جان لیں کہ زیادہ وقت لیٹ کر گزارنا کسی بھی طرح فائدہ مند نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں