فالج کی سب سے عام علامت

26 اگست 2016
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو

فالج کا دورہ پڑنے پر بیشتر افراد کو احساس ہی نہیں ہوتا کہ کس جان لیوا مرض نے انہیں اپنا شکار بنایا ہے۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق بینائی دھندلا جانا یا نظر نہ آنا فالج کی ایسی اہم ترین علامت ہے جو اکثر افراد کو علم ہی نہیں۔

اس تحقیق کے دوران ڈیڑھ سو ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جنھیں فالج کے معمولی حملے کا سامنا ہوا تھا اور ان سے سوالات کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ فالج کے دورے کے وقت انہیں اس کا احساس ہی نہیں ہوا تھا۔

عام طور پر فالج کی علامات میں چہرے کے تشنج یا اکڑ جانے، ہاتھ پیر ہلانے میں مشکل اور بولنے میں مشکل وغیرہ کا ذکر کیا جاتا ہے جو کہ اہم علامات بھی ہیں، جن ک سامنے آتے ہی فوری طور پر ہسپتال کا رخ کرنا چاہئے۔

تاہم تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فالج کے معمولی حملے پر اکثر افراد کو اس کا علم ہی نہیں ہوتا اور وہ اکثر کئی دن بعد ہسپتال جاتے ہیں، جس کے دوران جان لیوا دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق فالج کے حملے کے دوران دیگر علامات کے ساتھ ایک تہائی افراد کو بینائی کی کمزوری یا اس کی محرومی کا تجربہ بھی ہوتا جو کہ فالج کی واضح علامت ہوتی ہے اور اس کا سو میں سے نوے افراد کو علم ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق میں فالج کے حوالے سے مریض کا شعور اجاگر کرنے کی اہمت پر روشنی ڈالی گئی ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ بینائی میں کسی قسم کے اثر پر بھی ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف سرجری میں شائع ہوئی۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sonia usman Aug 27, 2016 12:52am
Knowledge full informations thanx Dawn news