میلبورن: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے زخمی فاسٹ باؤلر پیٹرسڈل نے یاسر شاہ کو پاکستانی باؤلنگ کی کنجی قراردیتےہوئے مصباح کی قیادت میں ٹیم کو دورہ آسٹریلیا کے لیے خطرناک قراردے دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پیٹرسڈل کا کہنا تھا کہ 'پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہمیں بہت حیران کردیا ہے اور انھوں نے مستقل مزاجی سے کرکٹ کھیلی ہے'۔

پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کرکے درجہ بندی میں پہلی مرتبہ سرفہرست پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ 2014 کے بعد کسی سیریز میں شکست نہیں ہوئی۔

سڈل نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ'ان کے پاس چند اسٹار کھلاڑی ہیں لیکن دیگر ٹیموں کے مقابلے میں انھوں نے مسلسل کارکردگی دکھائی ہے اور کہیں پر نہیں ڈگمگائے اور نہ تبدیلی آئی، میرے خیال یہی چیز وہ ماضی میں نہیں کرپائے تھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس وقت نظرآرہا ہے کہ ان کے پاس 13، 14 لڑکوں کا ایک مضبوط گروپ ہے جبکہ باؤلرز زخمی ہونے کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جو ان کے لیے اطمینان بخش ہے'۔

پیٹرسڈل نے پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کی کنڈیشنز کے لیے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا کی کنڈیشنز کے لیے ماضی کے مقابلےمیں بہتر ہوگی'۔

انھوں نے کہا کہ 'ان کے پاس چند خطرناک کھلاڑی ہیں جو میچ کو جیتا سکتے ہیں اس وقت ان کے پاس اچھے فاسٹ باؤلرز بھی ہیں'۔

پاکستان ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کے بارے میں سڈل کا کہنا تھا کہ 'ان کے پاس چند اچھے فاسٹ باؤلرز ہیں جو ہمیں دباؤ میں لاسکتے ہیں جو ہمارے لیے چیلنج ہوگا'۔

زخمی ہونے کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم سےباہر ہونے والے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ 'یاسر شاہ ناقابل یقین ہیں اور کلاس کے اسپنر ہیں، ان کا ریکارڈ اچھا ہے اور تیزترین 100 وکٹیں مکمل کرنے والے ہیں'۔

سڈل کا کہنا تھا کہ 'پاکستان ٹیم کی انگلینڈ کی وکٹ پر کارکردگی دیکھیں جو یہاں کی طرح تو نہیں لیکن اس سے ملتی جلتی ہے جہاں انھوں نے اچھا کھیلا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'باؤلرز کے علاوہ ان کے پاس مصباح الحق اور یونس خان کی صورت میں تجربہ کار کھلاڑی مڈل آرڈر کو یکجا کرنے کے لیے موجود ہے'۔

پاکستان ٹیم رواں سال آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر کو شروع ہوگا جس کے بعد روایتی باکسنگ ڈے میچ اور پھر نئے سال میں 3 جنوری کو تیسرا میچ کھیلا جائے گا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں