انگلینڈ کی پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست

اپ ڈیٹ 27 اگست 2016
جوروٹ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اے ایف پی
جوروٹ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اے ایف پی

لارڈز:انگلینڈ نے پاکستان کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 251 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 252 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عامر نے شروع میں ہی جیسن روئے کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلادی جس کے بعد ہیلز اور روٹ نے دوسری وکٹ میں 35 رنز کی شراکت قائم کی۔

الیکس ہیلز 14 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان آئن مورگن اور مایہ ناز بلےباز جوروٹ کے درمیان زبردست شراکت میں 112 رنز کا اضافہ ہوا اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

مورگن 68 رنز بنا کر کھیل رہے تھے کہ عماد وسیم نے ان کی وکٹیں اڑا دیں یہ میچ میں ان کی دوسری وکٹ تھی، روٹ نے دوسرے اینڈ سے کھیل کو جاری رکھا اور بین اسٹوکس کے ساتھ 56 رنز کی ایک اور اچھی شراکت بنالی لیکن اسٹوکس 42 رنز بنانے کے بعد حسن علی کو وکٹ دی بیٹھے، بٹلر کو یاسر شاہ نے رن آؤٹ کردیا۔

جوروٹ نے انگلینڈ کی جانب سے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو جیت کے قریب لا کر 240 کے مجموعے پر 89 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے 252 رنز کا مطلوبہ ہدف 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

معین علی 21 اور کرس ووکس 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمادوسیم نے بیٹنگ کے بعدباؤلنگ میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 2 وکٹیں حاصل کیں، محمدعامر، وہاب ریاض اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے سرفرازاحمد کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے ابتدائی طورپر مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود 251 رنز بنا کر ایک اچھا ہدف دے دیا۔

پاکستان کے کپتان اظہرعلی نے لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو شروع میں درست ثابت نہ ہوا اور ٹیم ابتداء میں ہی مشکلات کا شکار ہوئی۔

محض 2 رنز پر پاکستان کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، سمیع اسلم ایک رن جبکہ شرجیل خان اور اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو چکے تھے۔

بابراعظم اور سرفرازاحمد نے ایک ایسے وقت میں شاندار شراکت قائم کی جب پاکستان ٹیم شدید دباؤ کا شکار تھی اور گزشتہ میچ میں اچھی بلے بازی کرنے والے کپتان اظہرعلی بھی صفر پر آؤٹ ہوچکے تھے، دونوں بلےبازوں نے انگلش باؤلنگ کا ڈٹ کر سامنا کیا اور اسکور کو بہتر بنالیا۔

بابر اعظم 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر 66 کے اسکور پر ایک مشکل گیند پر آؤٹ ہوئے، انھیں لیام پلنکٹ نے نشانہ بنایا تاہم انھوں نے سرفرازکے ساتھ مل کرپاکستان کو مشکل سے باہر نکال لیا تھا۔

پاکستان ٹیم کو تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک سے خاصی توقعات تھی اور جب وہ میدان میں اترے تو سرفراز وکٹ پر جم چکے تھے لیکن وہ ایک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم 59 رنز کی قیمتی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔

شعیب ملک 125 کے اسکور پر 28 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر ایک غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے بٹلر کا کیچ بنے۔

سرفراز کا ساتھ دینے کے لیے آل راؤنڈر عماد وسیم آئے اور انھوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھی شراکت قائم کی اور پاکستان کا اسکور بہتر بنانے میں مدد کی۔

سرفرازاحمد نے انگلینڈ میں کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر کی جانب سے ون ڈے کی بہترین اننگز کھیلی اور6 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی دوسری شاندار سنچری مکمل کی۔

سرفرازاحمد لارڈز میں سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے—فوٹو:اے ایف پی
سرفرازاحمد لارڈز میں سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے—فوٹو:اے ایف پی

اس سے قبل کامران اکمل نے 12 ستمبر 2010 کو انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں 74 رنز بنائے جو انگلینڈ کی سرزمین پر کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر کی سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی جبکہ سرفراز کے 105 رنز کی اننگز کسی وکٹ کیپر کی انگلینڈ میں پانچویں بڑی اننگز ہے۔

سرفراز احمد لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ون ڈے میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

سنچری مکمل کرنے کے فوری بعد لیام پلنکٹ کی گیند پر سرفراز کو امپائر نے آؤٹ قرار دیا تاہم انھوں نے ریویو لیا جو سرفرازکے حق میں گیا اور ناٹ آؤٹ قرار پائے تاہم اگلے اوور میں عادل رشید کی گیند پر ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب الیکس ہیلز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

سرفرازاحمد 105 رنز بنا کر پاکستان کی ڈبل سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹے, سرفراز اور عماد وسیم کے درمیان 71 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو پاکستان کی اننگز کی بڑی شراکت تھی۔

عماد وسیم نے سرفرازکے آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ دارانہ بلے بازی کو جاری رکھا اور 46 ویں اوور میں لیام پلنکٹ کو مسلسل ایک چھکا اور دوچوکے رسید کر کے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم اس موقع پر پلنکنٹ اور ان کے درمیان تلخی بھی دیکھنے میں آئی مگرامپائر نے بیچ بچاؤ کرالیا۔

لیام پلنکٹ نے اسی اوور میں نوجوان کھلاڑی حسن علی کو صفر پر آؤٹ کیا، جوروٹ نے ان کا ایک اچھا کیچ تھام لیا جس کے بعد وہاب ریاض بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 6 رنز بنا کر لیام پلنکٹ کے ایک اچھے کیچ کا نشانہ بنے جبکہ یاسر شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم کو گھٹنے پر گیند لگنے کے باعث کھیل کو تھوڑی دیر کے لیے روک دیاگیا لیکن وہ آخر تک کھڑے رہے اور ایک گیند قبل محمد عامر رن آؤٹ ہوگئے جس کے باعث پوری ٹیم آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی پوری ٹیم اننگز کے اختتام سے ایک گیند قبل 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

عماد وسیم شاندار 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا رسید کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور مارک ووڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم میں 3تبدیلیاں کی گئیں ہیں، محمد نواز ،عمر گل اور حفیظ کو ڈراپ کیا گیا جبکہ سمیع اسلم، یاسر شاہ اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ بیٹنگ اور رننگ کو بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 7 ستمبر کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔

دوسرے ون ڈے کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان

سمیع اسلم، شرجیل خان، اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)، شعیب ملک، عماد وسیم، یاسر شاہ، وہاب ریاض، حسن علی، محمد عامر۔

انگلینڈ

جیسن روئے، ایلکس ہیلز، جوئے روٹ، اوئن مورگن(کپتان)، بین اسٹوکس، جوس بٹلر(وکٹ کیپر)، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، لیام پلنکیٹ، مارک ووڈ۔


تبصرے (0) بند ہیں