لندن:انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلرجیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں سمیت 2016 کے دیگر مقابلوں سے بھی باہر ہوگئے۔

انگلینڈ کے کامیاب باؤلرز کے بارے میں توقع ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے دورے کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے اعلامیے کے مطابق جیمز اینڈرسن زخمی دائیں بازو کی بحالی کے جاری عمل کے باعث 2016 کے کاونٹی سیزن کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسٹورٹ براڈ ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں تاہم انھوں نے اپنا آخری میچ گزشتہ ہفتے کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے سیمی فائنل میں نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیلا تھا جہاں ان کی ٹیم ناٹنگھم شائر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں دوٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی تاہم دونوں فاسٹ باؤلر اس سیریز میں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ای سی بی کا کہنا تھا کہ 'دونوں کھلاڑیوں نے انجریز کے باوجود پورے سیزن میں کھیلا اور اگلے سیزن میں انگلینڈ ٹیم کی بہتر تیاری کی خاطر انھیں آرام کی ضرورت تھی'۔

اینڈرسن اور براڈ کو پاکستان کے خلاف 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کے مقابلوں میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی کرنا چاہتے تھے.

جیمز اینڈرسن کاؤنٹی کرکٹ میں لینکا شائر کی نمائندگی کرتے ہیں اور ٹیم رواں سیزن میں چھٹے نمبر پر موجود ہے تاہم اپنے ابتدائی 3 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب براڈ کی ٹیم ناٹنگھم شائر 35 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں آخرنمبر پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں