امریکی سرزمین پرویسٹ انڈیز،ہندوستان کاٹاکرا

27 اگست 2016
لیوس نے 5چوکوں اور 9 چھکوں کی مددسے سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
لیوس نے 5چوکوں اور 9 چھکوں کی مددسے سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی

لوڈرہل، فلوریڈا: ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہندوستان کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ایک رن سے شکست دے دی۔

امریکا کی ریاست فلوریڈا کے لوڈرہل کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے کپتان مہندراسنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز کے چمپیئن بلے بازوں نے ہندوستان کے باؤلرز کا بے رحمی سے تواضع کیا اور امریکی سرزمین پر چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی۔

جانسن چارلس اور ایون لیوس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز 10 ویں اوور میں بنائے تاہم چارلس 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آندرے رسل دوسری پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آئے اور لیوس کا ساتھ دیتے ہوئے 204 رنز پر آؤٹ ہوئے، انھوں نے 22 رنز بنائے تھے جس کے فوری بعد لیوس اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے جدیجا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

لیوس نے شاندار سنچری کے لیے49 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ 5 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔

ویسٹ انڈیز کے دیگر بلے باز رن ریٹ کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوئے لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تیسرا بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔

عالمی چمپیئن ٹیم نے مقرر 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے بھمرہ اور جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کرلیں۔

ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی مضبوط بیٹنگ شروع میں ڈگمانے لگی تھی جب اجانکیا راہانے 7 اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی 16 رنز بنا کر 48 کے اسکور پر پویلین لوٹے تھے۔

روہت شرما اور نوجوان بلے باز لوکیش راہول نے مل کراسکور کو برق رفتاری کے ساتھ 12 ویں اوور میں 137 رنز تک پہنچایا مگر شرما 28 گیندوں پر 62 رنز بنانے کے بعد پولارڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔

کپتان دھونی نے راہول کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت کے بالکل قریب لایا مگر آخری گیند پر براوو کی جال میں پھنس گئے حالانکہ پہلے ایک موقع مل چکا تھا۔

دھونی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے تو ہندوستان میچ ایک رن سے ہار چکا تھا مگر ہدف کے تعاقب کے لیے ایک مثال ضرور قائم کی۔

راہول نے 51 گیندوں پر 12 چوکے اور 5 چھکے لگا کر 110 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جو ان کی اس طرز کے چوتھے ہی میچ میں پہلی سنچری ہے۔

ویسٹ انڈیز کے براوو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

فاتح ٹیم کے لیوس کو جارحانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ اسی اسٹیڈیم پر اتوار 28 اگست کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں