سرفراز لارڈز میں سنچری بنانے والے واحد پاکستانی

28 اگست 2016
سرفراز احمد سنچری کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
سرفراز احمد سنچری کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز اور نائب کپتان سرفراز احمد انگلینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں اپنی سنچری سے پاکستانی ٹیم کو کامیابی تو نہ دلا سکے تاہم وہ ریکارڈ بُک کا حصہ ضرور بن گئے ہیں۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم دو رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی۔

اس موقع پر سرفراز احمد میدان میں اترے اور مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے چھ چوکوں سے مزین شاندار سنچری اسکور کر کے پاکستان کا مجموعہ 251 رنز تک پہنچانے یں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس اننگ کے ساتھ ہی وہ لارڈز میں ایک روزہ میچ کے دوران سنچری بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں اور ان سے قبل کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے یہ اعزاز حاصل نہیں کیا۔

اس سے قبل لارڈز میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے کا ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 88 رنز بنائے تھے۔

سرفراز نے سنچری بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی، لارڈز میں سنچری بنانے کی دیرینہ خواہش تھی اور خوشی ہے کہ میری یہ خواہش ایک ایسے وقت میں پوری ہوئی جب ٹیم کو اس کی اشد ضرورت تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں