وسیم اکرم قومی ٹیم کی 'دقیانوسی سوچ' پر برہم

28 اگست 2016
پاکستانی ٹیم دونوں میچوں میں بڑا مجموعہ تشکیل دینے میں ناکام رہی۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستانی ٹیم دونوں میچوں میں بڑا مجموعہ تشکیل دینے میں ناکام رہی۔ فوٹو اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی موجودہ فارم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس 1990 کی دہائی کی طرح کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-2 سے سیریز برابر کی لیکن ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں اسے باآسانی بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔

دونوں میچوں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 260 اور 251 رنز بنائے اور باؤلرز اس کے دفاع میں بالکل ناکام رہے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کی پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست

مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جدید دور کی کرکٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی حالیہ سوچ پرانی ہو چکی ہے، ہماری سوچ 1990 کی دہائی جیسی ہے۔ ہمیں اس بات کا احساس کرنا ہو گا کہ 260 سے 270 رنز کا ہدف اچھا نہیں ہے۔ آج کل 290 رنز کا ہدف بھی باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

تاہم سوئنگ کے سلطان نے دوسرے ایک روزہ میچ مین سرفراز احمد کی 105 رنز کی اننگ کی تعریف کرتے ہوئے ناکامی کا شکار دیگر کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرفراز یہ اننگز نہ کھیلتے تھے تو پاکستانی ٹیم 125 رنز کے اندر ڈھیر ہو جاتیئ، ایک بلے باز میں دباؤ میں کھیلتے ہوئے رنز بنانے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھی: سرفراز لارڈز میں سنچری بنانے والے واحد پاکستانی

اس سے قبل ہیڈ کوچ میٹ پرائر نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دوسرے ایک روزہ میچ سے بقل خبردار کیا تھا کہ کھلاڑیوں کوٹیم میں جگہ پکی کرنے کے لیے محنت کرنا ہوگی ورنہ نوجوان لڑکوں کوموقع دیا جائے گا۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ 'میں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ کوئی محفوظ نہیں ہے اور اگر آپ کی عمر 30 سال سے زائد ہے تو آپ کو جلد ہی بہتری دکھانی ہوگی ورنہ یہ موقع نوجوان کھلاڑی کو دیا جائے گا'۔

پاکستانی ٹیم اسوقت سیریز میں 2-0 کے خسارے سے دوچار ہے اور سیریز میں فتح کیلئے اسے ہر حال میں تینوں میچوں میں کامیابی درکار ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ منگل کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں