سب سے بہترین کیمرے والا اسمارٹ فون؟

28 اگست 2016
گلیکسی نوٹ 7 — اے پی فوٹو
گلیکسی نوٹ 7 — اے پی فوٹو

سام سنگ نے گزشتہ دنوں اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 متعارف کرایا تھا اور اب اسے رواں سال کی سب سے بہترین ڈیوائس قرار دیا گیا ہے۔

گلیکسی ایس سیون ایج کو اس سے پہلے سال کا بہترین اسمارٹ فون سمجھا جارہا تھا مگر نوٹ سیون کے فیچرز خاص طور پر کیمرے نے ماہرین کو حیران کردیا ہے۔

ماہرین کا تو دعویٰ ہے کہ یہ وہ فون ہے جس میں اب تک کا سب سے بہترین اسمارٹ فون کیمرہ دیا گیا ہے۔

5.7 انچ اسکرین کے اس فون کا کیمرہ ویسے تو 12 میگا پکسلز ہے مگر اس سے لی جانے والی تصاویر کے معیار کا مقابلہ آئی فون سکس پلس سے لے کر کوئی اور فون نہیں کرسکتا۔

ماہرین کے مطابق غروب آفتاب کے وقت بھی جب اکثر موبائل فون کے کیمرے اچھی تصویر لینے میں ناکام رہتے ہیں، گلیکسی نوٹ سیون سے ہائی کنٹراسٹ امیج لی جاسکتی ہے۔

کیمرے میں دیا گیا ایف 1.7 آپرچر کم روشنی میں بھی اچھی تصویر لینے میں مدد دیتا ہے جبکہ بیک گراﺅنڈ کو امیج خراب نہیں ہونے دیتا۔

ماہرین کے بقول اس فون سے اتنی اچھی تصاویر لی جاسکتی ہیں جو 6 ہزار ڈالرز (چھ لاکھ پاکستانی روپوں سے زائد) کے ڈی ایس ایل آر کیمرے سے لینا عام لوگوں کے لیے مشکل ہوتا ہے۔

اس فون کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں سام سنگ نے پہلی بار ریورس ایبل یو ایس بی سی پورٹ کو شامل کیا ہے جبکہ ایس پین اسٹائلوس میں دباؤ کی حد کو زیادہ بہتر کیا گیا ہے۔

سام سنگ کا تو دعویٰ ہے کہ آدھے گھنٹے تک اس فون کو پانی میں ڈال کر رکھا جائے تو کچھ نہیں ہوتا جبکہ اس دوران ایس پین کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 820 پراسیسر اور 4 جی بی ریم ہے جو اس کی رفتار کو تیز بناتے ہیں، خاص طور پر تھری ڈی گیمز کھیلنے پر بھی اس کی رفتار اور ویڑولز متاثر نہیں ہوتے۔

اس فون کی اسٹوریج 64 جی بی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کی مدد سے 256 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے اور ہاں معتدل استعمال پر بیٹری کو دو روز تک چلایا جاسکتا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

shahid shah Aug 28, 2016 10:25pm
i like dawn twitter page
shahid shah Aug 28, 2016 10:26pm
i like dawn twitter page