پانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی ممکن نہیں اور اس سے چند دن کی دوری موت کا باعث بن سکتی ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اگر پانی انتہائی خالص ہو تو اس کا پینا صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے؟

جی ہاں انتہائی خالص پانی مختلف مصنوعات کی صفائی کے لیے تو ضروری ہے مگر اس کو پینا جسم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

یہ انتہائی خالص یا الٹرا پیور واٹر اتنا خالص ہوتا ہے کہ یہ جسم میں موجود منرلز کو ختم کرنے باعث بن سکتا ہے۔

اور یہ بالکل ایسا ہی پانی نظر آتا ہے جو نلکوں سے آپ کے گھروں میں آتا ہے۔

اس طرح کا پانی مختلف الیکٹرونکس مصنوعات جیسے سیمی کنڈکٹرز کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ، یہ کنڈکٹر چپس بہت چھوٹی ہوتی ہیں یعنی مٹی کے ذرے جتنی۔

خالص پانی کو چپ کی تہوں کو دھونے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس پانی کو اتنا زیادہ فلٹر کیا جاتا ہے کہ اس کے اندر منرلز ختم ہوجاتے ہیں یعنی صرف ہائیڈروجن اور آکسیجن کا مرکب رہ جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جب یہ کسی دھاتی یا منرلز والی چیز سے گزرتا ہے تو انہیں اپنے اندر جذب کرلیتا ہے۔

آسان الفاظ میں یہ پانی خود منرلز کا پیاسا ہوتا ہے اور اسی لیے یہ الیکٹرونکس کی صفائی کے لیے بہترین مانا جاتا ہے۔

اگر کوئی انسان اس پانی کی کچھ مقدار کو پی لے تو وہ جسم کے اندر موجود اہم منرلز کو اپنے اندر جذب کرسکتا ہے۔

جہاں تک اس کے ذائقے کی بات ہے تو یہ انتہائی بدمزہ ہوتا ہے کیونکہ منرلز ہی پانی کو ذائقہ دیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں