اسٹوکس پاکستان کیخلاف باؤلنگ کرنے کیلئے بے چین

اپ ڈیٹ 29 اگست 2016
بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ فوٹو اے پی
بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ فوٹو اے پی

انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں باؤلنگ کرنے کیلئے بے چین ہیں اور وہ اپنے کپتان کو اضافی باؤلر کا آپشن دے پاکستانی ٹیم کو مزید مشکلات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ناٹنگھم میں سیریز کا تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔

بین اسٹوکس بحیثیت بلے باز ان دونوں فتوحات کا حصہ تھے لیکن ٹیسٹ سیریز میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر نے اب تک اس سیریز میں باؤلنگ نہیں۔

لیکن منگل کو ہونے والے میچ میں اسٹوکس گیند اور بلے دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لارڈز میں فتح کے بعد کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے ہی یہ منصوبہ تھا کہ پہلے میں فٹ ہوں اور پھر تیسرے ایک روزہ میچ سے باؤلنگ کروں اور یہ سب چیزیں پلان کے مطابق جا رہی ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو میں مورگن کو باؤلنگ کیلئے دستیاب ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ باؤلنگ نہ کرنا انتہائی مایوس کن ہے کیونکہ اس سے مجھے اننگز بہت طویل محسوس ہوتی ہے جبکہ اگر میں 10 اوورز باؤلنگ کروں تو اس کا مطلب ہے کہ خود بخود 20 اوورز کم ہو گئے تاہم فیلڈنگ کرتے ہوئے بھی میں بہت فخر محسوس کرتا ہوں اور یہی سوچتا ہوں کہ میں رنز نہیں بننے دوں گا۔

ورلڈ کپ 2015 میں بدترین کارکردگی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم میں یکسر تبدیلی نظر آئی اور اس کے بعد وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم رہی ہے اور عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر موجود پاکستان کے خلاف بھی حالیہ سیریز میں مکمل حاوی نظر آئی۔

پاکستان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے 5-0 کے وائٹ واش کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے لیکن اسٹوکس نے اس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ سوچنا خطرناک ہو گا، ابھی ہم نے سیریز نہیں جیتی اور ایسا کرنا کیلئے اگلا میچ جیتنا ہو گا لہٰذا ہم اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں