ناقص انتظامات پر سری لنکن بورڈ کی معافی

29 اگست 2016
سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں شائقین کی بڑی تعداد نے درختوں اور دیواروں پر چڑھ کر میچ دیکھا۔ فوٹو اے ایف پی
سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں شائقین کی بڑی تعداد نے درختوں اور دیواروں پر چڑھ کر میچ دیکھا۔ فوٹو اے ایف پی

سری لنکن کرکٹ نے آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں آںے والے تماشائیوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی اور ناقص انتظامات پر معافی مانگ لی ہے۔

اتوار کو آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دمبولا میں تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا گیا جہاں 18ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل رنگیری اسٹیڈیم میں 45ہزار تماشائی امڈ آئے۔

اس موقع پر عجیب و غریب مناظر دیکھنے کو ملے جہاں میچ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین شائقین گراؤنڈ کے اطراف میں موجود چھتوں، دیواروں پر چڑھے نظر آئے جبکہ اس دوران ناقص انتظامات کے سبب چند تماشائی اسٹیڈیم کے وی آئی پی انکلوژر اور پریس باکس میں بھی گھس آئے جس کی وجہ سے وہاں موجود افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

سری لنکن کرکٹ نے اس واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام شائقین کرکٹ اور ٹکٹ کے حامل افراد سے معافی کے طلبگار ہیں جنہیں دمبولا میں ہونے والے میچ میں سیٹیں نہیں مل سکیں۔

میدان میں موجود گنجائش کے مقابلے میں تقریباً تین گنا شائقین ہونے کی وجہ سے بدنظمی پھیل گئی اور منتظمین شائقین کو کنٹرول میں نہ رکھ سکے۔

بیان میں کہا کہ اگر مندرجہ بالا وجوہات کی بنا پر ہم نے میدان کو محفوظ بنانے پر زیادہ توجہ دی کیونکہ میچ جاری رکھنے کیلئے اس کو ترجیح دی جاتی ہے۔

سری لنکن بورڈ نے یقین دلایا کہ آںے والے میچوں میں بہترین سیکیورٹی انتظامات کریں گے اور شائقین کو پیش آنے والی مشکلات پر ایک مرتبہ پھر معافی مانگی۔

یہ میچ اس لحاظ سے بھی یادگار تھا کہ یہ سری لنکن اسٹار اوپننگ بلے باز تلکارتنے دلشان کا ایک روزہ کرکٹ میں آخری میچ تھا اور شائقین نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا تاہم بدقسمتی سے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا دو وکٹ سے فتحیاب رہا۔

سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو دمبولا کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں