کراچی: پاکستان کے غیر سیاسی حالات کے باوجود ملک کی کیپٹل مارکیٹ میں تیزی رہی اور 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح کو عبور کرگیا ہے۔

بینچ مارک 100 انڈیکس 40 ہزار پوانٹس کی سطح عبور کرگیا جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

کاروبار کا آغاز 39 ہزار 9 سو 26 پوائنٹس سے ہوا اور اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان کی وجہ سے 100 انڈیکس بلند ترین سطح 40 ہزار ایک سو 2 پوائنٹس کو عبور کرگیا۔

تاہم دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 40 ہزار 23 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اچھے مالیاتی نتائج اور غیر ملکی سرمایہ کاری مارکیٹ میں ریکارڈ بنانے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی کی وجہ کم مالیت کے شیئرز میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی بتائی جارہی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ سستے شیئرز میں ہونے والی سرگرمیوں کے باعث چھوٹے سرمایہ کار خاصے خوش نظر آرہے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ کیپٹل مارکیٹ میں مزید اوپر جانے کی گنجائش موجود ہے۔

خیال رہے کہ مارچ 2016 کے بعد سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اعتماد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

زیدی Aug 30, 2016 04:27pm
کوئی صاحب نظر اس تیزی کے حقیقی اسباب کے بارے میں قوم کی راھنمائی کر سکتے ہے !