کھلاڑیوں کوکارکردگی کیلئے وقت درکار:توصیف احمد

29 اگست 2016
سمیع اسلم دوسرے ون ڈے میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے—فوٹو:رائٹرز
سمیع اسلم دوسرے ون ڈے میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے—فوٹو:رائٹرز

اسلام آباد : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کے رکن توصیف احمدکا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور وقت دیا جائے تو ون ڈے میں واپسی کریں گے۔

پاکستان کی ون ڈے ٹیم گزشتہ دوسالوں سے ناقص کارکردگی کے باعث آئی سی سی کی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔

انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی بھی بری رہی جہاں انھیں ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خبررساں ادارے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کے رکن کا کہنا تھا کہ 'ہماری ون ڈے ٹیم کئی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو انگلینڈ کی کنڈیشنز پر پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ'تاریخ بتاتی ہے کہ تمام ٹیمیں انگلینڈ کی کنڈیشنز پر مشکلات سے دوچار ہوئیں اور اس میں کسی کو رعایت نہیں ملی'۔

مزید پڑھیں: ون ڈے ٹیم میں کسی کی جگہ محفوظ نہیں:آرتھر

توصیف احمد نے سری لنکن ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں ان کی کارکردگی پاکستان کے مقابلے میں بے کار تھی لیکن انھوں نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں آسٹریلیا جیسی ایک مضبوط ٹیم کو وائٹ واش کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان کا موازنہ ہمارے کھلاڑیوں سے کیا جائے تو ہم نے بہتر کھیلا ہے اور مجھے امید ہے کہ بقیہ میچوں میں وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے'۔

مزید پڑھیں:پہلا ون ڈے : انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

پاکستان ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا جو پہلی مرتبہ انگلینڈ کا دورہ کررہے ہیں۔

ٹیم کے انتخاب کو موضوع بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ہم ہر اس نوجوان کو موقع دے رہے ہیں جس نے اچھی کارکردگی دکھائی اور جس کی فٹنس کی سطح اچھی ہے'۔

پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے دونوں میچوں میں شکست کھائی لیکن سرفرازاحمد نے دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

توصیف احمدنے سرفراز احمد اور عماد وسیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'دیگرنوجوان کھلاڑی بھی عماد کی طرح جلد کارکردگی دکھائیں گے'۔

سرفرازاحمد نے پہلے ون ڈے میں 55 جبکہ لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں 105 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست

عماد وسیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں میچوں میں آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 17 اور 63 رنز بنائے تھے اور لارڈز میں 2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

سمیع اسلم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سمیع نے ٹیسٹ سیریز میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا لیکن ون ڈے میچ میں بدقسمت رہے۔

نوجوان بلے باز کو لارڈز میچ میں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں وہ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 30 اگست کو نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں