'انضمام کو آؤٹ کرنا سب سے مشکل تھا'

29 اگست 2016
شعیب اختر نے 46 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔
شعیب اختر نے 46 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔

دنیا کے تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی نظر میں انضمام الحق وہ بلے باز تھے جنہیں آؤٹ کرنا سب سے مشکل تھا۔

وسیم اکرم کی میزبانی میں نجی ٹی وی پر شروع ہونے والے شو میں شعیب اختر نے ایک جواب میں کہا کہ دنیا میں متعدد ایسے کھلاڑی تھے جنہیں آؤٹ کرنا بہت مشکل تھا لیکن سب سے مشکل انضمام کو آؤٹ کرنا تھا جنہیں میں نیٹ میں بھی آؤٹ نہیں کر سکا۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میرے نہیں خیال کہ دنیا میں کسی اور کھلاڑی نے مجھے ان سے بہتر انداز میں کھیلا ہو۔ ان کے فٹ ورک بہت تیز تھا اور وہ بہت جلدی شاٹ کھیلنے کیلئے تیار ہو جاتے تھے۔ وہ بہت سے بلے بازوں سے پہلے گیند کو دیکھ سکتے تھے۔ میرے خیال میں ان کے پاس ایک اضافی سیکنڈ ہوتا تھا۔ چاہے میں کتنی ہی تیز گیند کیوں نہ کر لوں وہ ہمیشہ اس جگہ پہنچ چکے ہوتے تھے جہاں گیند گرتی تھی۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور باؤلر نے 1999 کے دورہ ہندوستان میں سچن تنڈولکر کو پہلی گیند پر آؤٹ کرنے کو زندگی کا سب سے یادگار لمحہ قرار دیا۔

پاکستانی ٹیم کو دورہ ہندوستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی جبکہ ایشین ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا بھی ایک میچ کھیلنا تھا لیکن شعیب اختر کو تیسرے ٹیسٹ میں موقع ملا۔

ایشین چیمپیئن شپ کے اس ٹیسٹ میچ میں شعیب نے دونوں اننگ میں چار چار وکٹیں لیتے ہوئے مجموعی طور پر آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم اس میں سب سے یادگار لمحہ راہول ڈراوڈ اور سچن ٹنڈولکر کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرنا تھا۔

شعیب نے اس میچ کو یاد کرتے ہوئے پروگرام کے میزبان وسیم اکرم سے کہا کہ آپ نے مجھے کھانے کے وقفے کے بعد گیند دی اور جیسے میں نے بھاگنا شروع کیا تو آپ نے مجھے آواز دے کر روک لیا اور کہا 'شوبی، پورا توڑ کر لانا اندر تاکہ لیگ اسٹمپ مس نہ ہو'۔ میں رمڑا اور رکا اور خدا سے کہا کہ یااللہ اگر میں یہ وکٹ حاصل کر لیتا ہوں تو میرا خواب کولکتہ میں پورا ہوجائے گا۔

'میں نے بھاگنا شروع اور جب میں کریز کے قریب پہنچنے والا تھا تو میں نے دیکھا کہ سچن کے بلے اور پیڈ کے درمیان خلا بڑھ رہا ہے۔ میں جانتا تھا کہ وہ گیند مس کر دے گا، جب گیند درمیانی وکٹ پر لگی، تو میرے لیے بہت یادگار لمحہ تھا'۔

100.2 میل فی گھنٹہ کی رفتار کی حامل کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند کرنے والے باؤلر بتایا کہ عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس سے متاثر ہو کر انہوں نے فاسٹ باؤلر بننے کا فیصلہ کیا۔

شعیب اختر نے 46 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 178 اور 247 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں