لیپ ٹاپ تباہ کرنے والی یو ایس بی پسند کریں گے؟

30 اگست 2016
— فوٹو بشکریہ یو ایس بی کِلر
— فوٹو بشکریہ یو ایس بی کِلر

کیا آپ کسی کمپیوٹر کو بے ضرر نظر آنے والی یو ایس بی ڈیوائس سے تباہ کرنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو اب یہ ڈیوائس فروخت کے لیے پیش کردی گئی ہے۔

اکتوبر 2015 میں 'یو ایس بی کِلر' نامی ڈیوائس کا نمونہ پیش کیا گیا تھا جو بجلی کی لہر کی مدد سے کسی بھی ڈیوائس کو جلا سکتی تھی، اُس وقت تو یہ صرف ایک تصور تھا مگر اب اسے حقیقت کی شکل دے دی گئی ہے۔

یو ایس بی کِلر ویب پیج کے مطابق 'یہ ایک آزمائشی ڈیوائس ہے جو ہر سیکیورٹی آڈیٹر اور ہارڈوئیر ڈیزائنر کے اسلحہ خانے میں ہونی چاہیئے'۔

یہ کمپنی 'یو ایس بی ٹیسٹ شیلڈ' بھی فروخت کررہی ہے جو 'یو ایس بی کلر' کے تباہ کن بجلی کے جھٹکے سے ڈیوائس کو بچانے کا کام کرتی ہے۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ یو ایس بی لگائے جانے پر 95 فیصد ڈیوائسز کو تباہ کردیتی ہے اور یہ واضح نہیں کہ مذاق کے لیے اس کا استعمال کیسے روکا جائے گا۔

پہلے کہا جارہا تھا کہ اس یو ایس بی کو ایک روسی ہیکر ڈارک پرپل نے تیار کیا ہے مگر اب ویب سائٹ میں یہ ذکر نہیں کیا گیا کہ اسے تیار کرنے والا کون ہے تاہم یہ عندیہ ضرور ملتا ہے کہ اس کمپنی کا مرکز ہانگ کانگ ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سیکیورٹی مسائل کمپنیوں کو ہارڈوئیر کے بہتر تحفظ کے لیے تیار کریں گے۔

اور ہاں اگرچہ 95 فیصد ہارڈوئیر اس یو ایس بی کا شکار بن سکتے ہیں مگر ان میں ایپل شامل نہیں۔

اس کی قیمت 56 ڈالرز رکھی گئی ہے جبکہ ٹیسٹ شیلڈ 16 ڈالرز کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں