منیلا: فلپائن کے ایک جزیرے پر داعش سے منسلک مسلح جنگجوؤں کے حملے میں ایک افسر سمیت 12 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق فلپائنی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح جنگجوؤں کی جانب سے مذکورہ حملہ فوج کے جاری آپریشن کے پانچویں روز کیا گیا۔

میجر فائل مون ٹان کا کہنا تھا کہ جولو نامی جزیرے پر پاٹیکول ٹاؤن میں ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی مسلح جھڑپ میں 5 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: فلپائن : تاوان نہ ملنے پر کینیڈین شہری کا سرقلم

ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ابو سیاف نامی تنظیم کے مسلح جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر اس علاقے میں کارروائی کا آغاز کیا تھا تاہم انھیں شدید مزاہمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ 'لڑائی بہت شدید تھی، جس میں ہم نے اپنے 12 ساتھی کھو دیئے، دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا ہے تاہم میں نہیں جانتا کہ دشمن کا نقصان کتنا ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق ان کے 30 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے'۔

خیال رہے کہ جمعرات سے جاری فوجی آپریشن میں ابو سیاف گروپ کے 20 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں، اس آپریشن کے لیے صدر رودریگو دوتیرتے نے فوج کو حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں 2 چینی سفارتکار قتل

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلپائن میں ابو سیاف گروپ کے 400 مسلح جنگجو موجود ہیں اور مذکورہ لڑائی میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 15 ہے۔

یاد رہے کہ فلپائنی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ ابو سیاف گروپ اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

رواں سال کے آغاز میں مذکورہ گروپ نے 3 غیر ملکی شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا تھا جبکہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مزید درجنوں ملکی و غیر ملکی باشندوں کو اغوا کررکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں