نئی دہلی: ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہیلی کاپٹر نے آرنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے ہندوستانی علاقے میں گھس کر مبینہ طور پر ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا کہ خلاف ورزی مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر ایک بجے کی گئی، جب 2 سیٹوں والا سول ہیلی کاپٹر ہندوستانی فضائی حدود میں گھس آیا۔

سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ہیلی کاپٹر کو ایک لمحے بین الاقوامی سرحد کے اوپر سے گزرتے دیکھا جس کے بعد وہ اچانک غائب ہوگیا اور دوسرے لمحے فضا میں دوسرے مقام پر نظر آیا۔

انہوں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کو پائلٹ کی غلطی سے منسوب کیا، کیونکہ بین الاقوامی سرحد کے حوالے سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازع پایا جاتا ہے۔

عام طور پر دونوں ممالک بین الاقوامی سرحد سے 4 سے 5 کلو میٹر دور رہتے ہیں تاکہ غیر ارادی طور پر بھی زیرو لائن عبور کرنے کے امکانات کو کم سے کم کیا جائے۔

سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سول ہیلی کاپٹر انٹرنیشنل بارڈر سے انتہائی قریب پرواز کر رہا تھا۔

ہندوستانی حکام نے واقعہ وزارت دفاع کو رپورٹ کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں